اسکولوں کی تعطیلات موسم سے ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ

نئے شیڈول پرعمل آئندہ تعلیمی سیشن سے ہوگا،اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے افسربھی مدعو

تبدیلی کی صورت میں موسم سرماکی تعطیلات جنوری اور گرما کی مئی میں ہوسکتی ہیں، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن۔ فوٹو: فائل

صوبائی محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما اور گرماکی تعطیلات موسمی تغیر سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اسے ری شیڈول کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جس پر عملدرآمد آئندہ تعلیمی سیشن2017-18 سے کیا جائے گا اور اس مقصدکے لیے آئندہ ماہ ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے افسران کو بھی مدعوکیا جارہا ہے، اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں تعلیمی اداروں کی سالانہ تعطیلات کی منظوری دی جانی ہے۔

موسم سرماکی تعطیلات کے شیڈول میں تبدیلی کی صورت میںیہ تعطیلات ممکنہ طورپر جنوری میں ہوں گی جبکہ موسم گرماکی تعطیلات ممکنہ طور پر مئی کے وسط سے شروع ہوسکتی ہیں تاہم کراچی سمیت پورے سندھ میں سردی کی حالیہ لہرکے باوجود موسم سرماکی تعطیلات میں توسیع نہیں کی جارہی صوبائی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن جمال مصطفی سید نے موسم گرما اور سرماکی تعطیلات کے شیڈول میں تبدیلی پر غورکرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ موسمیات کے متعلقہ افسران کو باقاعدہ مدعوکیا جارہا ہے جہاں وہ کراچی سمیت سندھ بھر میں گزشتہ کئی برس کے موسم کے پیٹرن پر بریفنگ دیں گے اور اسی پیٹرن کی بنیاد پر موسم گرما اور سرماکی تعطیلات کے شیڈول میں تبدیلی کی جائے گی۔

سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن کا کہنا تھا کہ سندھ بھرمیں گرمی میں شدت مئی میں ہی شروع ہوجاتی ہے تاہم تعطیلات جون سے شروع ہوکرجولائی تک جاتی ہیں جبکہ جولائی میں موسم بہتر رہتا ہے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں طلبا کی سردیوں کی پوری چھٹیاں ضایع ہوگئیں اورشدید سردی کا سلسلہ تعطیلات کے بعد شروع ہوا جس کے سبب اب محکمہ اسکول ایجوکیشن سنجیدگی سے تعطیلات کے شیڈول میں تبدیلی پرغورکررہا ہے تاہم ان کاکہنا تھا کہ سردیوں کی تعطیلات میں اضافہ نہیں کیاجارہا ہے اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔


واضح رہے کہ سندھ میں گزشتہ کئی برس سے موسم گرمااورسرماکی تعطیلات متعلقہ موسموں سے ہم آہنگ نہیں ہیں۔ کراچی سمیت سندھ بھرمیں گرمی اپریل سے ہی شروع ہوجاتی ہے مئی اورجون میں گرمی کی شدید لہرآتی ہے تاہم عرصہ دراز سے یہ تعطیلات جون اورجولائی میں کی جاتی ہیں۔ ایک برس قبل مئی میں گرمی کی لہر (ہیٹ ویو) کے سبب موسم گرماکی تعطیلات میں اچانک تبدیلی کرنی پڑی تھی اور تعطیلات اچانک فیصلے کے تحت 19مئی سے شروع ہوکر 24 جولائی تک جاری رہیں۔

دوسری جانب موسم سرماکی تعطیلات پہلے ختم ہوگئیں جبکہ سردیوں کا آغاز 5 جنوری کے بھی بعد ہوا، دریں اثنا فیڈرل بی ایریامیں قائم عزیزنیشنل گورنمنٹ گرلز اسکول کونجی ملکیت میں دینے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن جمال مصطفیٰ سید کاکہنا تھا کہ محکمہ اسکولز ایجوکیشن نے اس معاملے کانوٹس لیا ہے اورانھوں نے خود اس کی فائل کابغورمطالعہ بھی کیاہے اس مطالعے سے کچھ ایسی چیزیں سامنے آئی ہیں جن کی بنیاد پر امید ہے کہ عدالت میں آئندہ پیشی کے موقع پر محکمہ ایک بار پھر اس کیس میں بہتر پوزیشن پر ہوگا۔

جمال مصطفیٰ کا کہنا تھا کہ اسکول کی عمارت کوبچانے کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے تاہم انھیں اس امر پر افسوس ہے کہ ڈائریکٹراسکولز کی اسامی پرکام کرنے والے سابق افسران نے اس سلسلے میں اپنا کردار ادا نہیں کیا جس کے سبب عدالت میں محکمہ اسکولز ایجوکیشن کا موقف کمزور رہا واضح رہے کہ یہ اسکول فیڈرل بی ایریااورنارتھ ناظم آبادکے درمیان سے گزرنے والے نالے اورکچی آبادی کے قریب واقع ہے جہاں انتہائی غریب طالبات زیرتعلیم ہیں صبح اوردوپہرکی شفٹوں میں مجموعی طور پر 400 سے زائد طالبات زیرتعلیم ہیں۔
Load Next Story