پاناما کیس میں نواز شریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی ہے عمران خان

نواز شریف نے عدالت میں تاریخ کا سب سے بڑا یو ٹرن لیا ہے، عمران خان

اگر آئی سی آئی جے اور بی بی سی نےغلط کہا ہے تو نواز شریف ان پرکیس کریں، عمران خان۔ فوٹو : فائل

چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے جمہوریت میں سربراہ کو اخلاقی قوت حاصل ہوتی ہے لیکن نوازشریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیر مین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ 2016 تک نواز شریف نے لندن کے فلیٹس کی ملکیت تسلیم نہیں کی جب کہ ان کے وہم وگمان میں نہیں تھا کہ معاملہ سپریم کورٹ میں چلا جائے گا اور ان کی تلاشی ہوگی لیکن پاناما نے ان کو بے نقاب کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے کہا جاتا تھا یوٹرن لیتا ہوں لیکن آج نواز شریف نے تاریخ کا سب سے بڑا یو ٹرن لیا ہے، نوازشریف پارلیمنٹ میں کچھ اور باہر کچھ کہتے ہیں، انہوں نے اسمبلی میں کہا کہ احتساب کے لیے تیار ہیں اور وہ کوئی آئینی استثنا نہیں لیں گے، ہمارے پاس سارے دستاویزات ہیں لیکن آج کہہ رہے ہیں جھوٹ بولنے کا استثنیٰ حاصل ہے اور ہمارے پاس کوئی دستاویز نہیں۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ جمہوریت میں سربراہ کو اخلاقی قوت حاصل ہوتی ہے لیکن نوازشریف کی اخلاقی ساکھ ختم ہوچکی ہے جب کہ اگر مریم نواز لندن فلیٹس کی مالک ہیں تو قطری شہزادے کے خط کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہتی، قطری کا خط جھوٹا ثابت ہوا تو اس کا مطلب ہے کہ یہ فلیٹس حسین نواز کے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی سی آئی جے اور بی بی سی نےغلط کہا ہے تو نواز شریف ان پرکیس کریں۔

Load Next Story