جیمز اینڈ جیولری برآمدات کیلیے مراعات دینے کا فیصلہ

ایوان صدر کی ہدایت پر ایس آر او 760 میں ترامیم کے لیے حتمی سفارشات تیار کر لی گئیں


اظہر جتوئی January 19, 2017
ایوان صدر کی ہدایت پر ایس آر او 760 میں ترامیم کے لیے حتمی سفارشات تیار کر لی گئیں فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کے فروغ اور اس کی برآمدات بڑھانے کے لیے مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں ایس آر او 760 میں ترامیم کے لیے حتمی سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔

دستاویزات کے مطابق ایوان صدر سے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لیے روڈ میپ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس پر وزارت تجارت کو ٹاسک دیا گیا کہ اس حوالے سے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کر کے سمری تیار کی جائے۔ وزارت تجارت نے جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی اور اس کی برآمدات کے فروغ کے لیے ایس آر او 760میں ترمیم کی تجویز دی ہے۔

دوسری جانب وزارت تجارت کے حکام نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کی ترقی کے لیے ایوان صدر سے ان پر پریشر ہے، وزارت تجارت نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے سفارشات طلب کر لی ہیں، ان سفارشات کی روشنی میں سمری تیار کی جا رہی ہے جس میں سفارش کی جا رہی ہے کہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کے مسائل حل کیے جائیں اور ان کو مراعات دی جائیں تاکہ ملکی برآمدات میں اضافہ ہو سکے، ایس آر او 266کے خاتمے سے انڈسٹری کو شدید مسائل کا سامنا ہے۔

علاوہ ازیں جیمز اینڈ جیولری انڈسٹری نے ایس آر او 266کی بحالی اور اس انڈسٹری کو زیرو ریٹنگ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ اسٹیٹ بینک نے تجویز دی ہے کہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کے حوالے سے ایس آر اوز کا خاتمہ کیا جائے اور ان کے لیے دیگر اشیا کی طرح درآمدات اور برآمدات کے طریقے اپنائے جائیں، وزارت تجارت میں سمری کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے، آئندہ ہفتے سمری سیکریٹری تجارت کے حوالے کر دی جائے گی، سمری میں ایس آر او 760 میں ترامیم تجویز کی جا رہی ہیں تاکہ جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کے مسائل کا خاتمہ ہو۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |