نٹالی پورٹمین اور کرسٹن اسٹیورٹ

فلم سازوں کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش اداکارائیں


Nadeem Subhan December 31, 2012
اکتیس سالہ نٹالی کا آبائی وطن اسرائیل ہے لیکن وہ امریکی شہریت بھی رکھتی ہے۔ فوٹو : فائل

نٹالی پورٹمین اور کرسٹن اسٹیورٹ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ دنیا بھر میں ان اداکاراؤں کے کروڑوں پرستار موجود ہیں جنھیں ان کی ہر فلم کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔

دونوں اداکارائیں سحر انگیز شخصیت کی مالک ہونے کے ساتھ ساتھ اداکارانہ صلاحیتوں سے بھی مالا مال ہیں۔ اسی لیے ان کی ہر فلم ہٹ ہوتی ہے۔ نٹالی اور کرسٹن کی بے پناہ مقبولیت اور ان کی کام یاب فلموں کے تسلسل نے انھیں فلم اسٹوڈیوز کے لیے سب سے نفع بخش اداکارہ بنادیا ہے، اور وہ منہ مانگے معاوضے پر ان حسیناؤں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔

اکتیس سالہ نٹالی کا آبائی وطن اسرائیل ہے لیکن وہ امریکی شہریت بھی رکھتی ہے۔ پورٹمین اعلیٰ تعلیم یافتہ ہے۔ اس نے میساچوسیٹس کے ہارورڈ کالج سے نفسیات میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور اس کے کئی مقالے بین الاقوامی جرائد میں بھی شائع ہوچکے ہیں۔ تعلیم کے ساتھ ساتھ نٹالی شوبز میں بھی مصروف رہی۔ اس نے اداکارانہ کیریئر کا آغاز 1994ء میں چائلڈ اسٹار کی حیثیت سے کیا تھا۔

تین چار برس تک نٹالی نے ٹیلی ویژن اور اسٹیج ڈراموں میں اداکاری اور پھر اسے The Phantom Menaceسے سلور اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کا جادو جگانے کا موقع مل گیا۔ اس فلم میں نٹالی کی اداکاری اتنی پسند کی گئی کہ اسے ٹوینٹیتھ سینچری فوکس کی اگلی فلم Anywhere but Here میں نہ صرف سیکنڈ ہیروئن کا رول کرنے کی پیش کش کی گئی بلکہ اس کے اصرار پر فلم کا اسکرپٹ بھی تبدیل کیا گیا۔ Anywhere but Here میں بہترین اداکاری پر نٹالی پورٹمین کو بہترین معاون اداکارہ کے گولڈن گلوب کے لیے نام زد کیا گیا۔

اس کے بعد نٹالی نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور ہر فلم کے ساتھ اس کی مقبولیت کا گراف بلند ہوتا چلاگیا۔ اٹھارہ سالہ کیریر میں نٹالی نے ہر طرح کے رول کیے ہیں۔ ان میں سنجیدہ ،مزاحیہ، نفیساتی عارضے میں مبتلا کرداروں سمیت ہر نوعیت کے کردار شامل ہیں۔ فلم بینوں کے ساتھ ساتھ ناقدین بھی نٹالی کی اداکارانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں۔ کئی اداکاراؤں کے برعکس نٹالی نے کام یابی اور شہرت کی منازل درجہ بہ درج طے کی ہیں۔ اور آج اس کا شمار باصلاحیت ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ نٹالی کی پیشہ ورانہ زندگی میں کئی یادگار لمحات آئے۔ تاہم اس کی زندگی کا ناقابل فراموش لمحات وہ تھے جب گذشتہ برس اس نے آسکر کا مجسمہ اپنے ہاتھوں میں تھاما۔ نٹالی کو Black Swan میں زبردست اداکاری پر بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ ملا تھا۔

بائیس سالہ کرسٹن اسٹیورٹ بھی شہرت کے معاملے میں اپنی ہم عصر سے پیچھے نہیں۔ کرسٹین اسٹیورٹ کا نام سنتے ہی ذہن Twilight سیریز کی طرف چلاجاتا ہے۔ انسان اور خون آشام مخلوق کے درمیان محبت کے تعلق پر مبنی اس سیریزکی پانچوں فلموں میں کرسٹن نے ہیروئن ، بیلاسوان کا کردارادا کیا۔ سلور اسکرین پر کرسٹن کے کیریئر کا آغاز 2001ء میں فلم The Safety of Objects سے ہوا تھا۔ بعدازاں اس نے مختلف فلموں میں متنوع کردار نبھائے مگر شہرت اسے 2008ء میں Twilight سے ملی۔

یہ فلم اس قدر مقبول ہوئی کہ پروڈیوسرز نے اس کا سیکوئل بنانے کا فیصلہ کیا اور پھر یہ سلسلہ پانچ فلموں تک دراز ہوگیا۔ کرسٹن نے اگرچہ Adventureland ، The Yellow Handkerchief، The Runaways، Welcome to the Rileys اور Snow White and the Huntsman جیسی فلموں میں شان دار اداکاری کی لیکن اس پر لگی '' بیلا سوان'' کی چھاپ نہ ہٹ سکی اور آج بھی یہی کردار اس کی شناخت ہے۔ کرسٹن اگرچہ خود پر لگی ہوئی Twilight سیریز کی چھاپ سے پریشان ہے لیکن اس امر میں کوئی شبہ نہیں کہ اس سیریز نے اسے گمنامی کے اندھیروں سے نکال کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا اور مالی آسودگی بھی بخشی۔

نٹالی اور کرسٹن پچھلے دو ایک برس سے '' ہاٹ کیک'' بنی ہوئی ہیں، جن کی ہر فلم اپنی لاگت سے کئی گنا زیادہ آمدنی حاصل کررہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گذشتہ برس یہ اداکارائیں فلم سازوں کے لیے سب سے زیادہ نفع بخش اداکارائیں ثابت ہوئیں۔ معروف جریدے ، فوربس نے گذشتہ دنوں ہالی وڈ کی سب سے زیادہ نفع بخش اداکاراؤں کی فہرست جاری کی۔ اس فہرست میں نٹالی پہلے اور کرسٹن دوسرے نمبر پر رہی۔

فوربس میگزین کے مطابق Black Swan پر لگائے گئے ہر ڈالر پرپروڈیوسر کو 42.70 ڈالر کا منافع ہوا۔ اس فلم کی تکمیل پر 13 ملین ڈالر خرچ ہوئے تھے جب کہ حاصل کردہ مجموعی آمدنی329 ملین ڈالر رہی تھی۔ نٹالی کی فلم No Strings Attached نے باکس آفس پر 150 ملین ڈالر کا بزنس کیا جب کہ اس پر آنے والی لاگت صرف 25 ملین ڈالر تھی۔ کرسٹن کی فلموں پر خرچ ہونے والے ہر ڈالر کے عوض فلم سازوں کو 40.60 ڈالر حاصل ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں