سارہ لورین کی بھارتی فلم ’’مرڈر3‘‘ کی تشہیری مہم کا آغاز

فضول کی بیان بازی کی بجائے اپنے کام پرتوجہ دے رہی ہوں، فلمی ہیروئن بننے کے لیے باقاعدہ رقص سیکھا،فٹنس پر بھی توجہ دی


Showbiz Reporter January 01, 2013
فلم میں کام کرنے کی خاطر ٹی وی کے لیے منہ مانگے معاوضہ کی آفر ٹھکرا دی، مستقبل میں بالی وڈ کے بعد ہالی وڈ میں بھی جائوں گی، سارہ لورین فوٹو : فائل

ٹی وی ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے منفرد مقام حاصل کرنیوالی اداکارہ مونالیزا کی بالی وڈ میں نئی فلم ''مررڈر 3'' کی تشہیری مہم کا آغاز کردیاگیا ہے۔

'مرڈر' سیریزکی پہلی دوفلموں نے باکس آفس پرزبردست بزنس کیا تھا اس لیے بھٹ فیملی کو اپنے نئے پراجیکٹ سے بھی خاصی امیدیں وابستہ ہیں۔ فلم کی تشہیراور مکیش بھٹ نے اپنے بیٹے وشیش بھٹ کو بطور ہدایتکاربالی وڈ میں زبردست انٹری دلوانے کے لیے بھرپورتشہیری مہم ترتیب دیدی ہے۔ اس سلسلہ میں ایک شیڈول فائنل کرنے کے بعد ترتیب دیدیا گیا ہے جس کے مطابق فلم کی کاسٹ میں شامل رندیپ ہودا اورسارا لورین (مونالیزا) بھارت کے مختلف چینلزکے پروگراموں میں شرکت کرینگی۔

ان دنوں جہاں فلم کی تشہیری مہم زوروں پرہے تودوسری جانب سارا لورین (مونا لیزا) کی بالی وڈ میں مخالف بھی شروع ہوگئی ہے۔ '' مرڈر3 '' میں سارا لورین کے مد مقابل اداکارہ ادیتی رائو کے میڈیا میں بیان توجاری ہیں لیکن بہت سی بالی وڈ اداکارائیں، سارالورین کو میڈیا کی جانب سے فلم کی ریلیز سے قبل ہی ملنے والی توجہ سے خوفزدہ دکھائی دیتی ہیں۔ اس سلسلہ میں جب '' نمایندہ ایکسپریس '' نے ممبئی میں سارا لورین سے فون پررابطہ کیا توان کاکہنا تھا کہ فلمی دنیا میں یہ سب چلتا رہتا ہے لیکن میں فضول کی بیان بازی کی بجائے اپنے کام پر توجہ دے رہی ہوں۔

میں نے بالی وڈ کی جانب سے ہونے والی آفرز کے بعد ٹی وی پرکام نہ کرنے کافیصلہ کیا تھا اور میںنے منہ مانگے معاوضہ کی آفرز کوٹھکرا کر ایک سال سے زائد عرصہ تک ایک فلمی ہیروئن بننے کے لیے خاصی محنت کی تھی۔ میں نے باقاعدہ رقص سیکھا اورفٹنس کے حوالے سے بھی خاصی محنت کی۔ انھوں نے کہا کہ مجھ پراورمیرے کام پرکسی بھی طرح کی تنقیدکرنے والوں کوسب سے پہلے یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ میں ایک اداکارہ ہوں اور اپنے پراجیکٹ کے کردارکی عکاسی کرنا میری اولین ترجیح ہے۔

1

میں نے بہت سوچ سمجھ کر''مرڈر3'' سائن کی تھی اورمجھے امید ہے کہ جب فلم نمائش کے لیے پیش کی جائے گی تومجھے بالی وڈ میں ایک منفرد پہچان ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت پہنچنے کے بعد مجھے بھی بہت سے چھوٹے فلمساز اداروں نے کم بجٹ کی فلموں میں مرکزی کردارآفر کیے تھے لیکن میں ماضی میں بالی وڈ میںکام کی خواہش لے کرآنے والی پاکستانی اداکارائوں کے '' کارناموں '' کے بارے میں خوب جان چکی ہوں، اس لیے میں نے ایسی تمام آفرزکوٹھکرا دیا ۔

میں نے 'مرڈر3 ' میں بولڈ سین بھی عکسبندکروائے ہیں لیکن وہ کہانی کی ڈیمانڈ تھی۔ لیکن مجھ سے خوفزدہ بالی وڈ اورپاکستانی اداکارائیں یہ بات بخوبی جان چکی ہیں کہ آنیوالا دورمیرا ہوگا۔ یہ تو شروعات ہے میں مستقبل میں پہلے بالی وڈکے تمام بڑے فلمسازاداروں کے ساتھ کام کرونگی اورپھر ہالی وڈ فلم میں بھی مرکزی کردارادا کرونگی۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی ریلیز کے بعد مجھ پر تنقید کرنے والوں کی ایک لمبی فہرست ہوگی جو میرے خلاف بیان بازی کرتے ہوئے میڈیا کی توجہ کامرکز بننا چاہیں گی ، مگر میں کس سے گھبرانے اورڈرنے والی نہیں ۔

میں ایک پروفیشنل اداکارہ ہوں اورمیرٹ پرجو کام مجھے ملے گا اس میں ضرور کام کرونگی۔ شہرت ، دولت میرے لیے کوئی نئی بات نہیں ہے۔ میں پاکستان میں کام کرتے ہوئے شہرت اوردولت حاصل کرچکی ہوں لیکن اب میرا ٹارگٹ اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ میں نئے سال کے آغازمیں پاکستان میں بننے والی ایک فلم میں اہم کرداراداکرنے کے لیے کراچی آئونگی ۔ جس کا شیڈول اوردیگرمعاملات طے پاچکے ہیں۔ اس دوران مجھے پاکستان میں ایک کمرشل بھی شوٹ کرنا ہے جس کی شوٹنگ کراچی کے علاوہ لاہور اوراسلام آباد میں بھی کی جائے گی۔ جس کا شیڈول طے پاچکا ہے۔ واضح رہے کہ مونالیزاکی فلم ''مرڈر تھری'' 15 فروری کونمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں