لندن اولمپکس کا رنگا رنگ افتتاح تقریب میں80ہزار افراد کی شرکت

ملکہ برطانیہ اورکئی ملکوں کی اہم شخصیات موجود تھیں،10ہزارکھلاڑی حصہ لیںگے


Express Desk July 28, 2012
لندن اسٹیڈیم میں اولمپک گیمز کی افتتاحی تقریب کے دوران آتشبازی کا دلکش مظاہرہ کیاجارہا ہے (فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس کا جمعے کی شب رنگا رنگ اور شاندار تقریب میں افتتاح ہوگیا ہے۔ یورپ کی سب سے بڑی گھنٹی بجانے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں8 ہزار میل کی مسافت طے کرکے آنے والی روایتی مشعل بھی روشن کرکے میگا ایونٹ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا۔ کھیلوںکے سب سے بڑے عالمی میلے کی افتتاحی تقریب دیکھنے کیلیے ملکہ برطانیہ اورکئی ملکوں کی اہم شخصیات سمیت80 ہزار افراد اسٹیڈیم جبکہ ایک ارب لوگ اپنے ٹی وی سیٹ کے سامنے موجودتھے۔

اولمپکس اسٹیڈیم میں برطانیہ کے دیہی علاقے کی منظرکشی سمیت مختلف پروگراموںکومنفرد اندازمیں پیش کرنے کیلیے7 سال تیاری کی گئی تھی۔ لندن اولمپکس کے دوران 204 ملکوںکے 10 ہزارسے زائدکھلاڑی دنیابھرکے شائقین کی توجہ کا مرکز بنے رہیں گے۔

افتتاحی تقریب میں پاکستانی دستے نے اپنا قومی لباس شلوارقمیض پہن کر شرکت کی، پاکستان ہاکی سمیت کھیلوں کے چار مقابلوں میں شرکت کرے گا۔ رنگوں سے بھری اس تقریب کو ''آئلزآف ونڈر''کا نام دیا گیاتھا

،برطانیہ کے سائیکلنگ چیمپیئن بریڈلے وگنز نے اولمپکس بیل بجاکر تقریب کا باقاعدہ آغازکیا، تقریب پر تقریبا 2کروڑ 70لاکھ پائونڈ اخراجات کیے گئے تھے، تقریب کے آخر میں کھیلوں میں شریک ایتھلیٹس نے مارچ پاسٹ کیا اور روایت کے مطابق سب سے پہلے یونان اور سب سے آخر میں میزبان ملک برطانیہ کا دستہ اسٹیڈیم میں داخل ہوا۔

اولمپکس 2012 کی مشعل کا سفر بھی مشرقی لندن کے علاقے اسٹریٹفرڈ میں واقع اولمپکس اسٹیڈیم میں پہنچ کر ختم ہوگیا۔جس نے برطانیہ میں تقریباً8 ہزار میل سفر طے کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں