کرائسٹ چرچ ٹیسٹ بنگلا دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 289 رنز پر آؤٹ

ٹم ساؤتھی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی


Sports Desk January 20, 2017
ٹم ساؤتھی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی - فوٹو: فائل

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز بنگلہ دیشی ٹیم 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جب کہ ٹم ساؤتھی نے 5 اور ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑی آؤٹ کئے۔

سیریز کے آخری ٹیسٹ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے قائم مقام کپتان کے فرائض انجام دینے والے اوپنر بیٹسمین تمیم اقبال (5) نے ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دیا، محمود اللہ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ 38 رنز پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد شکیب الحسن اور سومیا سرکار نے 127 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، سومیا سرکار 86 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے۔ مشفق الرحیم کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین نورالحسن نے47 رنز کی اننگز کھیلی، شکیب الحسن 59 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے۔ صابر رحمان 7، ڈیبیو کرنے والے نظم الحسن 18، مہدی حسن 10، تسکین احمد 8 جب کہ قمرالاسلام 2 رنز بنا سکے۔ روبیل حسین 16 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ میچ کے ابتدائی روز کھیل کے اختتام پر پوری بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں289 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ باؤلرز نے مہمان ٹیم کے 9 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تجربہ کار ٹم ساؤتھی نے 5 شکار کئے جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 4 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔ نیل ویگنر کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔ واضح رہے میزبان کیوی ٹیم کو بنگلہ دیش پر 0-1 سے برتری حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں