تھری جی لائسنس کی نیلامی کیلیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرینگے وزیر اعظم

نیلامی کاعمل تیزکرنے کیلیے اخبارات میں اشتہاردیاجائے،اجلاس سے خطاب


Numainda Express July 28, 2012
نیلامی کاعمل تیزکرنے کیلیے اخبارات میں اشتہاردیاجائے،اجلاس سے خطاب۔ فائل فوٹو

KARACHI: وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت تھری جی لائسنس کی نیلامی کا عمل تیز کرنے کیلیے اخبارات میں اشتہار دیکرکنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کریگی۔ جمعے کو وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس ہوا،

اجلاس میںوزیراطلاعات قمرزمان کائرہ،وزیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، وزیر پانی وبجلی احمد مختار، ڈاکٹر عاصم حسین اوردیگرحکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم نے غیر ضروری تاخیر پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ تھری جی لائسنس کے اجرا کے لیے تمام ترتیاریاں مکمل کی جائیں، وزارت آئی ٹی سے کہا گیا کہ کنسلٹنٹ کو ہائر کرنے کیلیے اخبارات میں فوری اشتہار دیا جائے تاکہ نیلامی کا عمل تیز کیا جاسکے، پی ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ اظہار دلچسپی کیلئے شرکت کرنیوالی کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ماہرین کی فہرست حاصل کی جائے ۔

پی ٹی اے حکام نے کہا کہ جلد وزارت کو خط لکھا جائیگا اور تمام عمل کی شفافیت کو یقینی بنایا جائیگا، ممبر ٹیکنیکل پی ٹی اے نے بتایا کہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے فہرست ملنے کے بعد قانون کے مطابق ناموں کی منظوری دی جائیگی۔اجلاس میں یہ عزم دہرایا گیا کہ تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کے عمل کو شفاف انداز میں مکمل کرنا پی ٹی اے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ دریں اثناء وزیراعظم پرویز اشرف سے وزیرخارجہ حناربانی کھرنے ملاقات کی ، اس دوران علاقائی و بین الاقوامی معاملات اور خارجہ پالیسی سمیت نیٹو سپلائی پر امریکہ کیساتھ تحریری معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے دورہ سری لنکا کے حوالے سے وزیراعظم کو اعتماد میں لیا۔ وزیراعظم سے وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ ثمینہ خالد گھرکی نے بھی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے وزیراعظم کو وزارت کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعظم نے کہاکہ حکومت عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پرمکمل کرے گی اوراپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔وزیراعظم سے وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ بھی ملے اور انہیں ملک کی اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں