سال 2012 سعید اجمل کامیاب پاکستانی بولر ثابت ہوئے

ٹیسٹ میں اظہرعلی بنے رہے نمبرون، محمد حفیظ 505 رنز بناکر دوسرے نمبر پر رہے

سعید اجمل نے ٹی 20 میں سب سے زیادہ 25 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپنر سعید اجمل کے لیے سال گذشتہ 2012 کامیاب ترین رہا۔ انھیں کھیل کی تینوں طرز میں سب سے کامیاب ملکی بولر بننے کا اعزاز ملا۔

سعید نے گزشتہ سال چھ ٹیسٹ میچز میں 20.56 کی اوسط سے 39شکار کیے، وہ پاکستان کی جانب سے پہلے اور مجموعی طور پر ساتویں نمبر پر رہے، 17ون ڈے میں 31 وکٹیں ان کے نام درج ہوئیں، وہ مجموعی طور پر چوتھے نمبر پر رہے۔

سعید اجمل نے ٹی 20 میں سب سے زیادہ25 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،عمرگل 19 شکاروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے،مجموعی طورپر دنیا بھر میں پیسرز کے مقابلے میں اسپنرز کا راج رہا، سری لنکن لیفٹ آرم اسپنر رنگانا ہیراتھ نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 60 وکٹیں حاصل کیں، گریم سوان 59 دوسرے اور جیمز اینڈرسن48 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، جنوبی افریقہ کے ورنون فلینڈر 43 شکاروں کے ساتھ چوتھے اور پیٹرسڈل 41 وکٹوں کے ساتھ گزرے برس کے پانچویں کامیاب بولر بنے رہے۔




بیٹنگ میں ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی ٹاپ اسکورر رہے، 2012 کے دوران پاکستانی ٹیم کو زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کا موقع نہیں ملا تاہم کھلاڑیوں کی کارکردگی تسلی بخش رہی، اظہر علی نے6 ٹیسٹ کی10 اننگز میں 55 کی اوسط سے 551رنز بنائے، جس میں 3 سنچریاں اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

ان کی اننگز کا بہترین اسکور 157 رہا۔ محمد حفیظ 505 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے، انھوں نے ایک سنچری اور دو ففٹیز بنائیں، 196ان کی بہترین انفرادی کاوش رہی، اسد شفیق 424 رنز بنا کر تیسرے اور سابق کپتان یونس خان 360رنز کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
Load Next Story