برسبین ویمنز ٹینس اسٹوسر اور وزینسکی کے قدم ابتدا ہی میں ڈگمگا گئے

سابق ورلڈ نمبر ون اور آسٹریلین اسٹار کو پہلے ہی رائونڈ میں اپ سیٹ شکست، آکلینڈ کلاسک میں یانیا وکمائر کامیاب


Sports Desk January 01, 2013
برسبین ٹینس: کیسینیا پاروک کے خلاف ڈینش پلیئر ووزینسکی بیک ہینڈ شاٹ کھیل رہی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

LITHONIA, GEORGIA, US: ڈنمارک کی سابق عالمی نمبرون کیرولین ووزینسکی اور آسٹریلین اسٹار سمانتھا اسٹوسر کے قدم برسبین اوپن انٹر نیشنل ٹینس ٹورنامنٹ کے آغاز ہی میں ڈگمگا گئے۔

ڈینش پلیئر کو قازقستان کی کیسینیا پاروک نے 2-6،6-3 اور 7-6(7/1) سے ٹھکانے لگادیا، یہ مقابلہ دو گھنٹے 48 منٹ جاری رہا، سیزن کے ابتدائی ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں یہ پہلا بڑا اپ سیٹ شمار کیاگیا، 21 سالہ کیسینیا کی ٹاپ 10 پلیئرز میں سے کسی کیخلاف یہ پہلی فتح ہے، وہ چوتھی کوشش میں پہلی مرتبہ برسبین کا پہلا مرحلہ عبور کرنے میں کامیاب ہوپائیں۔

جبکہ سابق یوایس چیمپئن 7 سیڈ اسٹوسر کا قصہ سوئیڈن کی صوفیہ آرویڈسن کے ہاتھوں تمام ہوگیا، ان کی فتح کا اسکور 7-6(7/4) اور 7-5رہا، ان کے علاوہ دیگر میچز میں فورتھ سیڈ جرمنی کی اینجلیک کیربر نے جورجیا کی اینا تاتشویلی کیخلاف 6-2،4-6 اور 6-2 سے کامیابی حاصل کی، دوسری جرمن پلیئر سبائن لیسکی نے جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا پر 6-2،6-4 سے غلبہ پاتے ہوئے دوسرے رائونڈ میں نشست محفوظ بنالی، فرانس کی آلیز کورنیٹ نے آسٹریلیا کی بوجانا بوبیسک کو 2-6،6-3 اور 6-1 سے زیر کیا، اطالوی پلیئر سارا ایرانی نے روس کی اولگا پاچکووا کیخلاف 6-1،6-3 سے فتح پائی۔

4

مینز سنگلز فرسٹ رائونڈ میچزمیں فلورین میئر اور جارکو نمینن اور جاپانی پلیئر کائی نیشکوری نے فتوحات حاصل کرلیں، 5 سیڈ نیشکوری نے آسٹریلیا کے مارنکو میٹسووک کیخلاف 7-5،6-2 سے کامیابی پائی، فن لینڈ کے جارکونمینن نے فرنچ حریف جولین بینیٹو کو 6-3،2-6 اور 6-1 سے قابو کیا، کولمبیا کے سانتیاگو گیرالڈوکو جرمنی کے فلورین میئر نے 6-4،6-4 سے ٹھکانے لگادیا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں یانیا وکمائر اور الینا ویسنینا نے دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، تاہم چین کی ژینگ ژی جو امریکی پلیئر جیمی ہامپٹن نے 7-5،6-1 سے ہرادیا۔ سویٹلانا کزنٹسووا اور کرسٹنا میک ہیل بھی ابتدائی رائونڈ کی مہمان ثابت ہوئیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں