پارا چنار سبزی منڈی دھماکے میں 24 افراد جاں بحق

دھماکے میں 67 افراد زخمی ہوئے جن میں سے شدید زخمی ہونے والے 30 افراد کو پشاور منتقل کیا گیا۔

متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

WASHINGTON:
پارا چنار کی سبزی منڈی میں ہونے والے دھماکے میں 24 افرد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پارا چنار کی سبزی منڈی میں دھماکے سے 24 افراد جاں بحق اور 65 سے زائد زخمی ہو ئے ہیں، مقامی افراد اورامدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے زخمیوں کو فوری طورپر ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے زریعے کیا گیا اور دھماکا خیز مواد پھلوں کی پیٹی میں چھپا کررکھا گیا تھا۔



پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت مارکیٹ میں عوام کا رش تھا جب کہ اسپتال میں ڈاکٹرزکی کمی کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب ایم این اے ساجد طوری کا کہنا ہے کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: پارا چنارکی عید گاہ مارکیٹ میں دھماکے سے 25 افراد جاں بحق




پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکہ 8 بج کر50 منٹ پرہوا جب کہ دھماکے کے فوری طور فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے تخریب کاروں کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے 30 افراد کو پشاورمنتقل کردیا گیا ہے۔



وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پارا چنار دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے دھماکے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔



دوسری جانب وزیراعظم صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، سابق صدر آصف زرداری، چیرمین پیپلزپارٹی، بلاول بھٹو زرداری، چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر رہنماؤں نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

Load Next Story