انڈر 19 ون ڈے ٹورنامنٹ سیالکوٹ نے جیت لیا

فائنل میں راولپنڈی کو 60 رنز سے شکست، عثمان خالد اور وقاص کی ففٹیز


Sports Reporter January 01, 2013
ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز امام الحق نے پایا۔ فائل فوٹو

KARACHI: انٹر ریجن/ ڈپارٹمنل ایک روزہ انڈر19 کرکٹ ٹورنامنٹ سیالکوٹ نے جیت لیا، فائنل میچ میں راولپنڈی ریجن کو 60 رنز سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا، فاتح ٹیم 2 لاکھ اور رنرز اپ 1 لاکھ روپے انعام کی حقدار ٹھہری۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیصلہ کن معرکہ کا ٹاس سیالکوٹ ریجن کی ٹیم نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور عثمان خالد اور وقاص علی کی نصف سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹ پر246 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، عثمان نے 81 اور وقاص نے53 رنز کی اننگز تراشی، نعمان انور 38 رنز کیساتھ دیگر نمایاں بیٹسمین رہے، توثیق شاہ ، میر واعظ اور عاقب شاہ نے 2,2 وکٹوں کا بٹوارا کیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم40 ویں اوورز میں186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

5

شیرازلطیف 57، حسن رضا37 اور عاقب شاہ30 اسکور کے ساتھ نمایاں کھلاڑی رہے، ارسلان عباسی نے25 رنز بنائے، عامر حسین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 رنز کے عوض 4 وکٹیں اپنے نام کیںجبکہ فیصل جاوید2 بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب رہے۔ بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی کے ہمراہ2 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا چیک بھی دیا گیا، جبکہ راولپنڈی کی ٹیم ایک لاکھ روپے کی حقدار ٹھہری، میچ کے بہترین کھلاڑی سیالکوٹ ریجن کے عثمان خالد رہے جنہیں20 ہزار روپے دیئے گئے۔

ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین کا اعزاز امام الحق نے پایا، انھوں نے ایونٹ میں 324 رنز بنائے اور 20 ہزار انعام حاصل کیا، پی آئی اے کے غلام محمد اور لاہور شالیمار کے اسفند مہران نے 16,16 وکٹیں حاصل کرتے مقابلوں کے بہترین بولر کا مشترکہ اعزاز حاصل کیا۔ بہترین فیلڈر راولپنڈی کے یوسف اقبال بھی 20 ہزار روپے لے اڑے، بہترین وکٹ کیپر بھی راولپنڈی ریجن کے طلحہ قریشی کو قرار دیا گیا، انھوں نے 7 کیچز اوراتنے ہی اسٹمپڈ آئوٹ کرتے ہوئے 20 ہزار روپے انعام حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں