وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ میں بھی تبدیلی

ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے کے بعد ویب سائٹ سے ماحولیاتی تبدیلی کا سیکشن ہٹا دیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر کا حلف اٹھاتے ہی وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر ماحول اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے الفاظ ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتے۔ (فوٹو: وائٹ ہاؤس ڈاٹ جی او وی اسکرین شاٹ)

لاہور:
ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر کا عہدہ سنبھالتے ہی وائٹ ہاؤس کی سرکاری ویب سائٹ سے ماحولیاتی تبدیلیوں (کلائمیٹ چینج) کے بارے میں معلومات پر مشتمل پورا سیکشن ہی ڈیلیٹ کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ توانائی کی زیادہ اور مؤثر پیداوار کی ضرورت اجاگر کرنے والا ایک نیا سیکشن شامل کردیا گیا ہے جو نوآمدہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ (www.whitehouse.org) بننے کے بعد سے یہ روایت چلی آرہی ہے کہ جب بھی کوئی نیا امریکی صدر وائٹ ہاؤس منتقل ہوتا ہے تو یہ ویب سائٹ بھی فوراً ہی تبدیل کردی جاتی ہے۔ اگرچہ اس صورت میں ویب سائٹ پر وائٹ ہاؤس سے متعلق عمومی اور تاریخی معلومات جوں کی توں رہتی ہیں لیکن وہ سارے صفحات اور سیکشن بدل دیئے جاتے ہیں جن کا تعلق نوآمدہ حکومت کی پالیسیوں یا ترجیحات وغیرہ سے ہوتا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اپنے صدر منتخب ہونے سے پہلے ہی ماحولیاتی تبدیلیوں (Climate Change) پر شکوک و شبہات کا برملا اظہار کرتے ہوئے ایسی معلومات کو احمقانہ قرار دیتے رہے ہیں جب کہ ان کے نزدیک ماحولیاتی تبدیلیوں پر تحقیق اور ان کی روک تھام پر رقم خرچ کرنا نری حماقت اور وسائل کی بربادی ہے۔ علاوہ ازیں ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے لیے مشیرِ اعلی برائے ماحولیات کے طور پر مائیرون ایبیل کو نامزد کیا ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے تصور کو غلط سمجھنے کے ضمن میں بدنام ہیں۔


ناقدین کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر کا حلف اٹھاتے ہی وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر ''ماحول'' اور ''ماحولیاتی تبدیلی'' جیسے الفاظ ڈھونڈے سے بھی نہیں ملتے حالانکہ براک اوباما کے دور میں یہ سیکشن بے تحاشا معلومات اور پالیسیوں کے ساتھ بہت بھرپور اور جامع حیثیت سے وہاں موجود تھا۔

وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ میں اس انداز سے تبدیلی، ماحولیاتی تبدیلیوں کے ضمن میں ٹرمپ انتظامیہ کی سوچ اور آئندہ پالیسیوں کو عیاں کرنے کے لیے کافی ہے جس پر ماحولیاتی حلقوں کو شدید تشویش بھی ہے۔

دریں اثناء دنیا بھر کے ماہرین پہلے ہی وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر ماحولیات سے متعلق سیکشن کی نقول تیار کرکے مختلف سرورز پر آن لائن رکھ چکے ہیں جب کہ ''دی انٹرنیٹ آرکائیو'' (www.archive.org) کے فیچر ''وے بیک مشین'' کے ذریعے بھی انہیں دیکھا جاسکتا ہے۔ البتہ آج کی تاریخ میں وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر ماحولیات اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے متعلق کوئی سیکشن یا صفحہ موجود نہیں۔
Load Next Story