ٹیسٹ کے بعد ون ڈے میں بھی کینگروز نے شاہینوں کے پَرکاٹ دیے

آسٹریلیا کے 354 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی


ویب ڈیسک January 22, 2017
بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ اظہر علی صرف 7 رنز بنا سکے۔ فوٹو: اے ایف پی

پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی۔

سڈنی میں کھیلے گئے چوتھے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 86 رنز سے شکست دے کر ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کرلی، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اظہر علی اور شرجیل خان نے کیا لیکن انجری کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل ہونے والے کپتان اظہر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور دوسرے ہی اوور میں صرف 7 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

[poll id="1306"]

اظہر کے آؤٹ ہونے کے بعد شرجیل اور بابر اعظم کے درمیان 73 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شرجیل خان نے 47 گیندوں پر برق رفتار 74 رنز بنائے اور ایڈم زمپا کو چھکا لگانے کی کوشش میں باؤنڈری پر ڈیوڈ وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد حفیظ نے 40 گیندوں پر 40 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 47 کے انفرادی اسکور پر شعیب ملک کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔ شعیب ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پاکستان کی پوری ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے کیا ، عثمان خواجہ 30 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور اپنی 12 ویں سنچری مکمل کی اور 119 گیندوں پر 130 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، اسٹیون اسمتھ نے بھی 49 رنز بنائے۔

پاکستانی فیلڈرز نے انتہائی ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی اضافی رنز دیئے اور 5 اہم کیچز بھی ڈراپ کئے، 2 کیچ حسن علی نے، 2 شرجیل خان نے اور ایک جنید خان نے ڈراپ کیا۔ ٹریوس ہیڈ نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر برق رفتار 51 رنز جوڑے، عامر کی گیند پر شعیب ملک نے ان کا کیچ لیا۔ گلین میکس ویل نے 44 گیندوں پر 78 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 5 جبکہ محمد عامر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔