ایف بی آر نے جنوری کے لیے ٹیکس ہدف 220 ارب مقرر کردیا

سب سے بڑا ٹارگٹ لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کو 84.5 ارب روپے کا ملا


Irshad Ansari January 22, 2017
انکم وسیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹی کے اہداف بھی تجویز۔ فوٹو : فائل

لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)نے رواں ماہ (جنوری) کیلیے ملک کے 4 لارج ٹیکس پیئر یونٹس اور 18 ریجنل ٹیکس آفسز کیلیے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 220ارب روپے کا ریونیو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کردیا ہے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں کی مد میں حاصل ہونے والی وصولیوں کے مقابلے میں 18فیصد زیادہ ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ماتحت اداروں میں سے سب سے بڑا ہدف لارج ٹیکس پیئر یونٹ کراچی کو 84.5 ارب روپے کا ملا جس میں انکم ٹیکس 13.6ارب ، سیلز ٹیکس 65.4ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف5.54 ارب روپے ہوگا جبکہ ایل ٹی یو ٹو کراچی کے لیے 14.6 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر کیا گیا جس میں سے انکم ٹیکس 12.5ارب، سیلز ٹیکس2.27 ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8.2کروڑ روپے کی وصولیاں کرنے کے اہداف دیے گئے ہیں۔

دوسری جانب لارج ٹیکس پیئر یونٹ اسلام آباد کو23.21 ارب کا ہدف دیاگیا جس میں سے انکم ٹیکس 6.82 ارب روپے، سیلز ٹیکس 10.45 ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 5.82ارب روپے کی ٹیکس وصولیاں کرنا ہوں گی، ایل ٹی یو لاہور 18.24 ارب روپے جمع کرے گا جس میں سے انکم ٹیکس 4.2ارب، سیلز ٹیکس10.24 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کا ہدف91.3کروڑ روپے ہے، ریجنل ٹیکس آفس حیدر آبادکو 2.6 ارب روپے کا ہدف ملا جس میں سے انکم ٹیکس1.4ارب روپے، سیلز ٹیکس 1.2 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں20 لاکھ روپے کی وصولیاں کرنے کے اہداف دیے گئے۔

ریجنل ٹیکس آفس سکھرکیلیے 1.1ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا جس میں سے انکم ٹیکس90.5کروڑ روپے، سیلز ٹیکس 16.3کروڑ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 1.5 کروڑ روپے کی وصولیوں کے اہداف دیے گئے جبکہ علاقائی ٹیکس دفتر کوئٹہ کو رواں ماہ 2.45 ارب جمع کرنا ہونگے، ان میں سے انکم ٹیکس کیلیے 1.15ارب، سیلز ٹیکس 1.26ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کیلیے 4.2 کروڑ کا ہدف دیا گیا۔ ریجنل ٹیکس آفس ملتان کو 7.3ارب روپے کا ٹیکس ہدف دیا گیا جس میں سے انکم ٹیکس3.8 ارب روپے، سیلز ٹیکس 3.5ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ہدف کی مد میں 6.4کروڑ روپے شامل ہیں۔

آر ٹی او بہاولپور کو انکم ٹیکس 87.5کروڑ، سیلز ٹیکس 8.5 کروڑ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 10 لاکھ روپے سمیت مجموعی طور پر 96.5 کروڑ روپے کے ریونیو کا ہدف ملا، ریجنل ٹیکس آفس فیصل آبادکو 3.3ارب کا ہدف دیا گیا جو1.72 ارب کے انکم ٹیکس، 1.53 ارب سیلز ٹیکس اور 1.8 کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پر مشتمل ہوگا۔ آر ٹی او سرگودھاکو 91.2 کروڑ روپے کا ریونیو اکٹھا کرنے کا ٹاسک ملا جسے مزید انکم ٹیکس63.8کروڑ روپے، سیلز ٹیکس 26.5کروڑ روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے 1.5 کروڑ کے ہدف میں تقسیم کیا گیا ہے۔

ریجنل ٹیکس آفس گوجرانوالہ کو دیے جانیوالے 1.58ارب روپے کے ہدف میں انکم ٹیکس82.5کروڑ ، سیلز ٹیکس کیلیے 75.4 کروڑ کا ہدف دیاگیا، آرٹی اوسیالکوٹ 97.7 کروڑ کا ریونیو اکٹھا کرے گا جس میں سے انکم ٹیکس کے لیے 85.7 کروڑ روپے اور سیلز ٹیکس کیلیے 12کروڑ روپے کا ٹارگٹ دیا گیا، آر ٹی او راولپنڈی کو 4.21ارب روپے کے ٹیکس ہدف دیا گیا جس میں سے اسے3.24 ارب روپے کا انکم ٹیکس، 1.24ارب سیلز ٹیکس اور 2.10 کروڑ روپے کی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جمع کرنا ہوگی۔

ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کو 4.88 ارب روپے کی وصولیاں کرنا ہوں گی جوانکم ٹیکس کی مد میں 4.3 ارب روپے، سیلز ٹیکس 54.5 کروڑ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 4.3 کروڑ روپے پر مشتمل ہوں گی جبکہ ریجنل ٹیکس آفس پشاور کو 5.96 ارب کا ہدف ملا، اسے انکم ٹیکس 3.22ارب روپے، سیلز ٹیکس 2.24ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 61.1 کروڑ روپے کا ریونیو جمع کرنا ہوگا۔ ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آبادکو79.2 کروڑکا ریونیو ٹارگٹ دیا گیا جس میں سے انکم ٹیکس66.2 کروڑ، سیلز ٹیکس12.6 کروڑ اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی 40 لاکھ روپے کی وصولیاں کرنا ہوں گی، آرٹی او ون کراچی کو 8.23ارب روپے کے ہدف میں سے انکم ٹیکس 7.55ارب روپے اور سیلز ٹیکس کی مد میں 66.5 کروڑ وصول کرنا ہوں گے۔

علاوہ ازیں آر ٹی او ٹو کراچی کیلیے 7.26 ارب روپے کا ہدف مقرر کیاگیا جو5.46ارب کے انکم ٹیکس اور1.8 ارب کے سیلز ٹیکس پرمشتمل ہوگا۔ ریجنل ٹیکس آفس تھری کراچی انکم ٹیکس 5.44ارب اور سیلز ٹیکس کی مد میں 1.85 ارب روپے سمیت 7.29 ارب روپے کا ریونیو جمع کرے گا جبکہ آر ٹی او ون لاہور کو 8.64 ارب روپے کے ریونیو کا ٹاسک دیا گیا جن میں سے انکم ٹیکس4.58 ارب، سیلز ٹیکس 3.63ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں3.2 کروڑ روپے جمع کرنا ہوں گے۔ آر ٹی اوٹو لاہور کو 9.5 ارب روپے کا ہدف دیا گیا جس میں سے اسے انکم ٹیکس کی مد میں 5.59 ارب روپے،سیلز ٹیکس3.85 ارب روپے اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 80 لاکھ روپے جمع کرنا ہوںگے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں