کراچی بھتہ نہ دین پر ڈپارٹمنٹل اسٹور پر دستی بم حملہ دیگر واقعات میں5ہلاک

بم پھٹنے سے 2افرادزخمی،3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا


Staff Reporter July 28, 2012
بم پھٹنے سے 2افرادزخمی،3 گاڑیوں کو نقصان پہنچا ، فائل فوٹو

کراچی کے علاقے نیپاچورنگی کے قریب بھتہ نہ دینے پر موٹرسائیکل سواردہشت گرد ڈپارٹمنٹل اسٹورکے باہردستی بم پھینک کرفرار ہوگئے،جس کے پھٹنے سے2افرادزخمی ہوئے،3 گاڑیوں کونقصان پہنچاجبکہ مختلف علاقوں میں فائرنگ اوردیگرتشددکے واقعات میں5 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپاچورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار دہشت گرد ڈپارٹمنٹل اسٹور کے باہر کھڑی ہوئی گاڑیوں پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے

جو خوفناک دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں موقع پرموجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف وہراس پھیل گیا،دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایس ڈی پی او عزیز بھٹی ناصر لودھی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوع سے شواہد جمع کر کے انھیں محفوظ بنایا ، دھماکے سے 2 افراد شہاب اور شفیق زخمی ہوگئے

جبکہ پارکنگ ایریا میں کھڑی ہوئی سوزوکی کلٹس کار نمبر AGG-361 ، کورے کار نمبر ALD-844 اور کلٹس کار نمبر LED-7820 کو نقصان پہنچا،تینوں گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ کرچکنا چور ہوگئے ، پولیس کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں نے ڈپارٹمنٹل اسٹور سے بھتہ طلب کیا تھا اور نہ دینے پر انھیں خوفزدہ کرنے کے لیے دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے،

واقعے کے بعد ڈپارٹمنٹل اسٹور میں موجود خریداروں کی بڑی تعداد خوفزدہ ہو کرباہر نکل آئی جس میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، واقعے کے بعد نیپا چورنگی سے حسن اسکوائر جانے والی سڑک پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے قیوم آبادA ایریا میں خواجہ سرا52 سالہ سموئل مسیح عرف شمو ولد سراج مسیح کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر گلاگھونٹ کر ہلاک کردیا، پولیس کے مطابق مقتول گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا

،موچکو تھانے کی حدود قائمخانی کالونی قبرستان میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے47 سالہ میاں سید ارشاد ہلاک ہو گیا،مقتول کے بھائی فاروق نے ایکسپریس کوبتایاکہ میاں سید ارشاد 5 بچوں کا باپ تھا،پاک کالونی تھانے کی حدود پرانا گولیمار لو لائن پل کے قریب لیاری ندی سے32 سالہ نامعلوم مغوی کی بوری بند لاش ملی،مقتول سیاہ رنگ کی پینٹ اور سیاہ قمیض زیب تن کیے ہوئے تھا ،

نارتھ کراچی سیکٹر5C-1 سکینہ مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ شیخ کامران ہلاک ہو گیا،ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری چوہدری افضل نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول5 سے زائد چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا،کھارادر کے علاقے لی مارکیٹ کے قریب جھگڑے میں فائرنگ سے28 سالہ محمد حنیف زخمی ہوگیا،

گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے پر واقعے کنٹینرکرایے پر دینے والی نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ نادر نے فائرنگ کرکے ٹرالرکے ڈرائیور اشکباز کو ہلاک کر دیا جس کے بعد موقع پر وجود دیگرڈرائیوروں اورکلینروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے سپرہائی پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کردیا،پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی گارڈ موقع سے فرار ہوگیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں