حکمران کرپشن کا خاتمہ کرنے کے بجائے عدالتوں کو آنکھیں دکھا رہے ہیں نواز شریف

ملک میں حکمرانوں کی من مانی نہیں بلکہ آئین وقانون کی بالادستی چلے گی


INP July 28, 2012
ملک میں حکمرانوں کی من مانی نہیں بلکہ آئین وقانون کی بالادستی چلے گی. فوٹو آئی این پی

KARACHI: مسلم لیگ( ن) کے صدر نوازشریف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے، حکمران کرپشن کے خاتمے کے بجائے عدالتوں کو آنکھیں دکھارہے ہیں،ملک میں حکمرانوں کی من مانی نہیں بلکہ آئین وقانون کی بالادستی چلے گی، آئندہ انتخابات کے نتائج پیپلزپارٹی کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہوں گے ۔

رائیونڈ جاتی عمرہ میں نماز جمعہ کے بعد سندھ اور پنجاب کے مختلف اضلاع سے آئے مسلم لیگ ن کے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پارٹی قربانیاں دینے والے کارکنوں کو مقام دے گی اور آنے والا دور مسلم لیگ( ن) کا ہے۔آصف زرداری نے اپنی سیاست کے لیے سندھی عوام سے ووٹ تو لیے مگر ان کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا،

نوازشریف نے کہا کہ دور آمریت میں پرویزمشرف کے سامنے ڈٹ جانے والے پارٹی کارکن سرمایہ ہیں،حکومت نے اپنی مدت میں توسیع کرنے کی کوشش کی تو یہ ملک کے لیے انتہائی خوفناک ہوگا اور ہم کسی بھی صورت میں حکومت کو ایسی سازش کی اجازت نہیں دیںگے۔ انھوں نے کہاکہ جب ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ ہوگا تو بہت سے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی مگر ہرجگہ کرپشن اور لوٹ مار ہی نظر آرہی ہے،

حکمران اپنی کرپشن اور لوٹ مار میں کوئی رکاوٹ برداشت کرنے کوتیار نہیں اس لیے جب سپریم کورٹ لوٹی دولت واپس لانے کی بات کرتی ہے تو حکمران عدلیہ کو آنکھیں دکھاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ عوام تبدیلی کا فیصلہ کرچکے ہیں، انشااللہ عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے،کارکن آئندہ انتخابات کی تیاری شروع کردیں ۔اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو عوام کی طاقت سے اقتدار میں آکر عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں