قومی ٹیم کی شکست پر سابق کرکٹرز بھی رنجیدہ

آسٹریلیا سے چوتھے ون ڈے میں بولرز کی پرفارمنس انتہائی مایوس کن رہی، رمیز راجہ


Sports Reporter January 23, 2017
جن کھلاڑیوں پر ذمے داری ہے وہ کھیل نہیں دکھارہے، محمد یوسف کی رائے۔ فوٹو: فائل

ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی قومی ٹیم کی شرمناک شکست نے سابق کر کٹرز کو بھی رنجیدہ کردیا۔

سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی بولرز کی پرفارمنس مایوس کن رہی، صورتحال دیکھ کر کپتانی کرنی چاہیے تھی جبکہ عامر سہیل کی رائے میں میچ میں کھلاڑی مکمل طور پر فٹ نظر نہیں آ رہے تھے اور فیلڈنگ میں بھی انھیں دشواری کا سامنا رہا، سلیکشن کمیٹی کو حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ محمد یوسف نے کہا کہ جن کھلاڑیوں پر زیادہ ذمے داری ہے، وہ کھیل کر نہیں دکھارہے ، حسن علی نے اچھی بولنگ کی، ہمیں ان کی بولنگ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناکامیوں کا سفر متحدہ عرب امارات سے ہوتا ہوا نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا تک جا پہنچا ہے، کینگروز کے ہاتھوں ٹیسٹ کے بعد ایک روزہ سیریز میں بھی گرین شرٹس کی شرمناک شکستوں نے سابق ٹیسٹ کرکٹرز کو سیخ پا کر دیا ہے اور انھوں نے گزشتہ روز کے میچ میں بھی شکست کی بڑی وجہ ناقص فیلڈنگ اور غیر معیاری بولنگ کو قرار دیا ہے۔

سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستانی بولرز کی پرفارمنس مایوس کن رہی ،بولرز نے یارکر کو بہتر کر لیتے تو بیٹسمینو ں کو پریشان کیا جاسکتا تھا، ان کے مطابق بولرز جب تک سوئنگ نہیں کریں گے تو ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا اور ہم میچ نہیں جیت سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم نئی گیند کیلئے بہترین آپشن ہیں۔ رمیز راجہ نے کہا کہ صورتحال کو دیکھ کر کپتانی کرنی چاہیے،یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کس بولر کو کس طرح استعمال کرنا ہے۔

عامر سہیل نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے میچ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، میچ میں کھلاڑی مکمل طور پر فٹ نظر نہیں آ رہے تھے اور فیلڈنگ میں بھی انہیں دشواری کا سامنا رہا، سلیکشن کمیٹی کو حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، ان کا کہنا تھا کہ میچ میں شرجیل خان نے اچھا آغاز فراہم کیا تاہم دیگر کھلاڑی اسکور کو آگے بڑھانے میں ناکام رہے۔ انھوں نے کہا کہ شرجیل کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم انتظامیہ کو جارح مزاج بیٹسمین کو بھیجنا چاہیے تھا۔ ہمیں انٹرنیشنل ڈیمانڈ کی ضرورت ہے پھر ہم آگے بڑھیں گے۔

محمد یوسف نے کہا جن کھلاڑیوں پر زیادہ ذمہ داری ہے، وہ کھیل کر نہیں دکھارہے ، حسن علی نے اچھی بولنگ کی، ہمیں ان کی بولنگ کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ماضی کے مایہ ناز بیٹسمین محمد یوسف کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیم کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، حسن علی کے علاوہ باقی تمام بولرز کی کارکردگی غیر متاثر کن رہی۔

واضح رہے پاکستانی بولر حسن علی نے چوتھے ون ڈے میں آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے تمام 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں