مدارس پر مناسب جواب نہیں دیا نثار ناکام وزیر داخلہ ہیں وزیر اعلیٰ سندھ

مردم شماری مہم میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، مراد علی شاہ

کراچی آپریشن دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گا، پاکستان کامستقبل پیپلزپارٹی کیساتھ ہے۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار ناکام وزیرداخلہ ہیں، کراچی میں امن امان کی صورتحال بہتر ہے تاہم آپریشن دہشت گردی کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں ایک بار پھر مضبوط ہورہی ہے جوکہ مخالفین کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نواز شریف کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دادوکینال کی جلد ریماڈلنگ کی جائے گی جس سے پانی کی قلت ختم ہوجائے گی، سوشل سیکٹر، صحت اور تعلیم ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔


مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کا اصل چہرہ عوام کے سامنے آگیا ہے اور یہ ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کا مستقبل پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے، سندھ کے عوام نے پی ٹی آئی کومسترد کردیا ہے، انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے چار مطالبات جمہوریت کی بقا اور مضبوطی کے لیے ہیں اور ان مطالبات کو نہ ماننے پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کر دیا ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں پنجاب سمیت پورے ملک میں تاریخی کامیابی حاصل کریگی۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے علاقے کے معززین، پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت، کارکنان اور عوام سے اپنی رہائشگاہ واہڑ میںکھلی کچہری منعقد کی جہاں انھوں نے حلقے کی عوام کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے افسران کو احکام جاری کیے بعد ازاں سید مراد علی شاہ نے یوسی واہڑ کی مختلف دیہات کا دورہ کیا اورگوٹھ ننگرخان بروہی میں لطف اﷲ بروہی کی چائے پارٹی میں شرکت کی اور وہاں لوگوں کے مسائل سنے اور انھیں ترجیح بنیاد پر حل کرنے کا یقین دلایا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے خاص خدمت گزار محمد خشک کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے بلند درجات اور سوگوار خاندان کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔

 
Load Next Story