نصرت سحر نے سندھ اسمبلی میں امداد پتافی کی معافی قبول کر لی

امداد پتافی نے جھک کر نصرت سحر کو دوپٹہ پہنایا اور معافی مانگی

سندھی روایات کے مطابق امداد پتافی کو معاف کرتی ہوں، نصرت سحر عباسی۔ فوٹو: آن لائن

مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر عباسی نے صوبائی وزیر امداد پتافی کی معذرت قبول کرتے ہوئے انہیں معاف کردیا۔

سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران صوبائی وزیر امداد پتافی اپوزیشن رہنما نصرت سحر عباسی کی نشست پر گئے، انہیں سر پر دوپٹہ پہنایا اور ان سے جھک کر معافی مانگی۔ اس موقع پر امداد پتافی کا کہنا تھا کہ 3 روز قبل جو واقع رونما ہوا اس پر نصرت سحر اور پورے ایوان سے معذرت کرتا ہوں، نصرت سحر میری بہنوں کی طرح ہیں۔

نصرت سحر نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ جو کچھ ہوا اس پر میں اور میرے اہلخانہ بہت زیادہ دکھی اور غمزدہ تھے، امداد پتافی کو کبھی معاف نہ کرتی لیکن سندھ کی روایات کے مطابق میرے سر پر دوپٹہ رکھا گیا اس لئے انہیں دل سے معاف کرتی ہوں۔ انہوں نے بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ آئندہ ایوان میں اس قسم کا واقعہ نہ ہونے کی یقین دہائی کرائی جائے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: ذکر اک تنازع کا

قبل ازیں سندھ اسمبلی کے باہر پٹرول کی بوتل ہاتھ میں لئے میڈیا سے بات کرتے ہوئے نصرت سحر عباسی کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ امداد پتافی نے زیادتی کی جس کے بعد سے مجھ پر بہت زیادہ دباؤ ہے، مجھے کام اور سیاست سے روکا جا رہا ہے۔ نصرت سحر نے کہا کہ میرے گھر والوں کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اگر تمہیں انصاف نہ ملا تو اسمبلی میں جانے کی اجازت نہیں دیں گے، بلاول بھٹو کو معاملے کا بخوبی اندازہ ہے، دو دن کا ٹائم دیتی ہوں اگر انہوں نے امداد پتافی کو وزات اور سیٹ سے برطرف نہ کیا تو اپنی نشست سے استعفیٰ دے کر خود کو آگ لگا لوں گی۔

واضح رہے کہ 3 روز قبل سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران صوبائی وزیر امداد پتافی نے فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحر عباسی کو ڈرامہ کوئین کہا تھا جس پر ایوان میں ہنگامہ کھڑا ہو گیا تھا۔

Load Next Story