امریکا کی مختلف ریاستوں میں طوفان سے 18 افراد ہلاک متعدد لاپتہ

امریکی ریاست جارجیا میں 14 جب کہ مسیسپی میں 4 افراد ہلاک ہوئے ہیں، ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی

امریکی موسمیاتی ادارے نے جنوبی جارجیا اور شمالی فلوریڈا میں مزید طوفان اور ’ٹورنیڈو‘ کا امکان ظاہر کردیا ہے: فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
امریکا کی مختلف ریاستوں میں طوفان، آندھی اور ہوا کے بگولوں کے باعث پیش آنے والے واقعات میں 18 افراد ہلاک جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں آندھی طوفان اور بگولوں نے تباہی مچا رکھی ہے اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ ریاست جارجیا کے گورنر نیتھن ڈیل کا کہنا ہے کہ طوفان سے متاثرہ کاؤنٹیز میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے جب کہ ریاستی ادارے متاثرہ علاقوں میں "تمام دستیاب ممکنہ وسائل" بروئے کار لا رہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: ہیٹی میں طوفان 'میتھیو' کی تباہی

جارجیا ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے 14 افراد کا تعلق جنوبی کک، بروکس اور بیرن کے علاقوں سے ہے جبکہ 4 افراد ریاست مسیسیپی میں ہلاک ہوئے۔ سب سے زیادہ 7 افراد کی ہلاکتیں کک کاؤنٹی میں ہوئیں جو ایک عارضی مکان میں رہائش پذیر تھے۔


اس خبرکوبھی پڑھیں: فلپائن میں سمندری طوفان

کک کاؤنٹی کے پولیس تفتیش کار ٹم پروس کا کہنا ہے کہ ایڈل شہر کے پاس ایک پارک میں تقریبا 40 عارضی مکانات قائم کیے گئے تھے جن میں سے تقریبا 25 مکانات مکمل طورپر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ بہت سے موبائل یا عارضی مکانات زمیں بوس ہونے کی وجہ سے متعدد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں اور ایمرجنسی ٹیم ابھی بھی زندہ افراد کی تلاش کر رہی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: جارجیا میں سیلاب کی تباہی

دوسری جانب قومی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جنوبی جارجیا، شمالی فلوریڈا میں مزید طوفان اور 'ٹورنیڈو' کا امکان ہے جب کہ جنوب مشرقی الاباما کے کچھ حصوں کو طاقتور ہوائی بگولوں، آندھی اور ژالہ باری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور کئی کلومیٹرز کا احاطہ کرنے والے ہوائی بگولے زیادہ خطرے کا سبب بن سکتے ہیں۔
Load Next Story