نیب افسران شفافیت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں چیرمین نیب

افسران بدعنوانی كے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس كی پالیسی پر عمل كرتے ہوئے اپنی كوششیں دُگنی كریں، قمر زمان چوہدری


ویب ڈیسک January 23, 2017
افسران بدعنوانی كے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس كی پالیسی پر عمل كرتے ہوئے اپنی كوششیں دُگنی كریں، قمر زمان چوہدری، فوٹو؛ فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) كے چیرمین قمر زمان چوہدری نے كہا ہے كہ ملك سے بدعنوانی كا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور نیب افسران شفافیت اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں۔

نیب راولپنڈی بیورو كے دورے كے موقع پر نیب افسران سے خطاب كرتے ہوئے قمر زمان چوہدری نے کہا یہ بات حوصلہ افزاء ہے كہ پہلی بار پلاننگ كمیشن نے 11 ویں پانچ سالہ منصوبے میں نظم و نسق كے تناظر میں ترقیاتی ایجنڈے میں انسداد بدعنوانی كو حصے كے طور پر شامل كیا ہے جس سے بدعنوانی كی روك تھام كے 11 ویں پانچ سالہ منصوبے كے اہداف كے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے كہا كہ نیب كو گزشتہ 16 سال كے دوران افراد اور نجی و سركاری اداروں كی جانب سے 3 لاكھ 26 ہزار 694 شكایات موصول ہوئیں، اس عرصے كے دوران نیب نے 10992 شكایات كی جانچ پڑتال، 7303 انكوائریاں اور 3648 انوسٹی گیشنز نمٹائیں، احتساب عدالتوں میں 2667 بدعنوانی كے ریفرنس دائر كیے گئے جب کہ کیسز میں سزاء كی شرح 76 فیصد ہے۔

چیرمین نیب نے کہا کہ نیب بڑے پیمانے پر مالی كمپنیوں كے فراڈ، بینك فراڈ، بینك نادہندگی، سركاری ملازمین كی خوردبرد اور اختیارات كے مقدمات كو دیكھتا ہے، نیب نے اپنے تمام بیوروز كی خامیوں اور خوبیوں كا جائزہ لینے کے لیے 2014 میں جزوی مقداری گریڈنگ سسٹم وضع كیا، اس نظام سے نیب كے تمام علاقائی بیوروز كی كاركردگی بہتر بنانے میں مدد ملی ہے اور یہ اب نیب كے كام كرنے كے نظام كا باقاعدہ حصہ بن چكا ہے۔ انہوں نے كہا كہ نیب شكایت كی بنیاد پر كارروائی كرتا ہے، نیب كا تفتیش كا طریقہ كار تین مراحل پر مشتمل ہے جن میں شكایت كی جانچ پڑتال، انكوائری اور انویسٹی گیشن شامل ہے۔

قمر زمان چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب بدعنوانی كی روك تھام کے لیے قانون پر عملدرآمد كے ساتھ ساتھ آگاہی اور تدارك پر عمل پیرا ہے، لوگوں كو بدعنوانی كے اثرات سے آگاہ كرنے كیلئے نیب آگاہی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے نیب افسران كو ہدایت كی كہ وہ مكمل شفافیت اور قانون پر عمل كرتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ چیرمین نیب نے راولپنڈی بیورو كی كاركردگی كو سراہتے ہوئے كہا كہ نیب افسران ملك سے بدعنوانی كے بلاامتیاز خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس كی پالیسی پر عمل كرتے ہوئے اپنی كوششیں دُگنی كریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں