بیٹ بدلتے ہی جادیو کا جادو اڑن چھو شائقین حیران رہ گئے

ابتدائی2 گیندوں پر 10رنز کے بعد ایک رن بھی نہ بن پایا،چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں


Sports Desk January 24, 2017
بھارتی ٹیم کی آخری اوور میں بنتی بگڑتی پوزیشن حکام کی نظروں میں آنے کا امکان ہے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

بیٹ بدلتے ہی جادیو کا جادو اڑن چھو ہو گیا، ابتدائی 2 گیندوں پر 10 رنز بٹورنے والے جارح مزاج بیٹسمین پھرایک رن بھی نہ بناپائے، بھارت کو 6 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، صورتحال اچانک تبدیل ہونے پرچہ مگوئیاں شروع ہو گئیں۔

بھارت اور انگلینڈ میں ون ڈے سیریز کے ایڈن گارڈن کولکتہ میں منعقدہ میچ کا اختتامی اوور شکوک کی زد میں آ گیا۔ 322 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے والی میزبان ٹیم کو 16 رنز درکار اور جارح مزاج بیٹسمین کیدرجادیو امیدوں کا مرکز تھے، انھوں نے کرس ووئکس کی پہلی گیند پر چھکا، دوسری پر چوکا جڑ دیا تو پورے اسٹیڈیم میں تالیوں کی آوازیں گونجنے لگیں، جوش و جذبے کے ساتھ جیت کا ارمان آنکھوں میں سجائے شائقین ایک اور جارحانہ اسٹروک کیلیے نعرے لگا رہے تھے کہ اچانک ایک متبادل کھلاڑی میدان میں داخل ہوا اور جادیو نے بیٹ تبدیل کر لیا، اس کے بعد وہ حیران کن طور پر ایک بھی رن نہ بنا پائے، اوور کی تیسری گیند لیگ اسٹمپ پر اور چوکے کیلیے موزوں تھی لیکن ضائع ہو گئی، چوتھی آف سائیڈ یارکر تھی جس پر کوئی رن نہ بنا، پانچویں آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیند پر وہ سام بلنگز کو کیچ تھما کر چلتے بنے، آخری بال بھونیشور کمار کے بیٹ کو چھوئے بغیر ہی گزر گئی۔ یوں بھارتی ٹیم 9 وکٹ پر 316 رنز تک محدود رہی، تماشائیوں کی حالت ایسی تھی کہ سانپ سونگھ گیا ہو، کرس ووئکس زیرو بنتے بنتے ہیرو بن گئے۔ بالآخر انگلینڈ نے ابتدائی 2 ناکامیوں کے بعد سیریز میں پہلی فتح کا مزہ چکھ لیا۔

یاد رہے کہ میچ کے اہم لمحات میں گلوز، بیٹ، ہیلمٹ تبدیل کرنے جیسے حربے استعمال کرکے باہر سے ملنے والی ہدایات کے مطابق جیتی بازی ہارنے کے کئی واقعات سامنے آتے رہے ہیں، آئی سی سی کا اینٹی کرپشن یونٹ اس طرح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھتا ہے،خلاف معمول ہونے والے واقعات کی بڑی باریک بینی سے چھان بین ہوتی ہے، بھارتی ٹیم کی آخری اوور میں بنتی بگڑتی پوزیشن حکام کی نظروں میں آنے کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں