کراچی عائشہ منزل کے قریب بس میں دھماکا 4 افراد جاں بحق 27 زخمی

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے حملے کی زمہ داری قبول کر لی ہے۔


ویب ڈیسک January 01, 2013
بس میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان سوار تھے اوروہ جناح گراؤنڈ میں ایم کیوایم کے تحت ہونے والے جلسے میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔ فوٹو: محمد نعمان/ ایکسپریس

عائشہ منزل کے قریب بس میں دھماکےکے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور27 زخمی ہوگئے، دھماکے سے3 بسوں سمیت7 گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق دھماکے کی آوازدوردورتک سنی گئی، امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پرپہنچ کرزخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور شارع پاکستان پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثرہوا۔

پولیس اوررینجرزنے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہے، ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا، بس میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکنان سوار تھے اوروہ جناح گراؤنڈ میں ایم کیوایم کے تحت ہونے والے جلسے میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے۔ ایم کیوایم کے کارکنان اوررضاکاروں نے بھی علاقے میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنان کی بس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل و غارت گری سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کی بس پر حملہ دہشت گردی ہے اور عوام کو تشدد کا نشانہ بنانے والے پاکستان کے دشمن ہیں۔

تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے حملے کی زمہ داری قبول کر لی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حملے میں ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا گیا اور یہ محض شروعات ہے اور آگے چل کر ایسے مزید حملے کئے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔