ایم کیو ایم اور ق لیگ کی طاہر القادری کی حمایت مزاحیہ ڈرامہ ہے چوہدری نثار

ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کی طاہر القادری کے لانگ مارچ کی حمایت بے اصولی اور موقع پرستی کے سوا کچھ نہیں،چوہدری نثار

مشرف کی ٹیم کے چوتھے ستون عمران خان نے پہلے طاہرالقادری کی حمایت کی پھر وہ خود ہی کنفیوژ ہوگئے، چوہدری نثار علی فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کا ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کی حمایت مزاحیہ ڈرامہ ہے۔


چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ (ق) کی طاہر القادری کے لانگ مارچ کی حمایت بے اصولی اور موقع پرستی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ نے پہلے جنرل پرویز مشرف کی تابعداری کی اور اب آصف زرداری کے ساتھ مل کر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔

چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہر دور حکومت میں اقتدار کے مزے لوٹے اور اب اسی حکومت کے خلاف جس کے وہ اتحادی ہیں، لانگ مارچ کرنا انتہائی مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کی ٹیم کے چوتھے ستون عمران خان نے پہلے طاہرالقادری کی حمایت کی پھر وہ خود ہی کنفیوژ ہوگئے۔
Load Next Story