پھلیلی کینال اور ذیلی شاخوں میں پانی کی فراہمی بند

محکمہ آبپاشی کی جانب سے 20یوم کیلیے پانی کی بندش معمول کی کارروائی قرار دے دی گئی

تحقیقاتی اداروں کو بھی خوش کرکے قومی خزانے سے ہر سال کروڑوں کی کرپشن کا یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے۔ فوٹو: فائل

حکومت سندھ کے محکمہ آبپاشی کی جانب سے صفائی مہم کے نام پر صوبے کی دیگر نہروں کی طرح کوٹڑی بیراج سے نکلنے والی پھلیلی کینال اور اکرم واہ اور اس کی ذیلی شاخوں میں پانی کی فراہمی دسمبر کے آخر میں جنوری کے اوائل تک 15سے 20یوم کے لیے بند کر دی جاتی ہے۔


اس عرصے میں فرضی مہم پر ہر سال کروڑوں روپے خوردبرد کر لیے جاتے ہیں، محکمہ انہار میں ریکارڈ توڑ کرپشن کے باعث فرضی اور منظور نظر ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے یہ کام محض کاغذات میں کیے جاتے ہیں، تحقیقاتی اداروں کو بھی خوش کرکے قومی خزانے سے ہر سال کروڑوں کی کرپشن کا یہ سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے، بعض اوقات ان نہروں یا ان کی شاخوں میں خانہ پوری کیلیے کام کروائے جاتے ہیں۔

صفائی نہ ہونے اور کچرے و گندگی کے ڈھیر شہریوں کی جانب سے نہروں میں پھینکنے کے باعث پانی کی بہائو میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے جس سے آخری سروں میں پانی کی قلت کی شکایت عام ہے، حکومت سندھ بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہے، عوامی اور سماجی حلقوں اور آبادگاروں نے محکمہ انہار کی اس بے حسی اور کرپشن پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
Load Next Story