پاکستان کو آخری ون ڈے میں بھی شکست سیریز14 سے آسٹریلیا کے نام

آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 312 رنز ہی بناسکی


ویب ڈیسک January 26, 2017
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم نے سنچری اسکور کی جب کہ شرجیل خان نے 79 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلیا نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بھی پاکستان کو شکست دیکر سیریز 1-4 سے اپنے نام کرلی۔

ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 57 رنز سے شکست دیکر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-4 سے جیت لی، آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 370 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 312 رنز ہی بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز ایک بار پھر روایتی انداز میں ہوا اور کپتان اظہر علی صرف 6 رنز کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ شرجیل خان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 130 رنز بنائے اور 79 کے انفرادی اسکور پر شرجیل خان ہمت ہار گئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جنہوں نے 3 رنز بنانے پر ہی اکتفا کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : 35 سال بعد کسی پاکستانی بیٹسمین کی آسٹریلیا میں میزبان ٹیم کے خلاف سنچری

بابر اعظم نے آسٹریلوی بولرز کا جم کر مقابلہ کیا اور شاندار سنچری اسکور کی تاہم 220 کے مجموعی اسکور پر وہ آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عمر اکمل نے 46 رنز کی اننگز کھیلی اور 276 کے مجموعی اسکور پر واپس پویلین لوٹ گئے، عمر اکمل کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور پوری ٹیم 312 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 369 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وانر اور ٹریوس ہیڈ نے کیا، محمد عامر کے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر اظہر علی نے ایک مشکل کیچ پکڑنے کی کوشش کی تاہم وہ ناکام رہے جس کے بعد انہوں نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کی وہ درگت بنائی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد کرا دیا، دونوں کے درمیان 284 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی اور وارنر 179 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، جنید خان کے اسی اوور میں دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اسٹیون اسمتھ تھے جنہوں نے 4 رنز بنائے اور وہاب ریاض نے ان کا شاندار کیچ لیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: حسن علی ون ڈے میں 100 رنز دینے والے دوسرے پاکستانی بولر بن گئے

گلین میکسویل 13 اور میتھیو ویڈ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹریوس ہیڈ 128 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جنہوں نے تیسری کوشش میں سنچری میکر کا کیچ تھاما۔ پیٹر ہینڈس کومب ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مچل اسٹارک 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے جنید خان اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ حسن علی پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مہنگے بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 9 اوورز میں 100 رنز دیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔