بریٹ لی اور لی مین سے ناروا سلوک پلیئرز چیف ناراض

فاسٹ بولر نے نیو سائوتھ ویلز کی موجودہ صورتحال میں ذاتی رائے دی تھی، پال مارش

بریٹ لی اور لی مین نے صرف سچ بیان کیا ہے، آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن نے انتھونی اسٹورٹ کی حمایت میں بات کرنے پر فاسٹ بولر بریٹ لی کیخلاف تادیبی کارروائی کے فیصلے پر تنقید کی ہے۔

آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کے چیف پال مارش کا کہنا ہے کہ ہمیں لی مین اور بریٹ لی کے ساتھ کرکٹ حکام کے برتائو سے مایوسی ہوئی ہے، بریٹ لی نے کرکٹ نیوسائوتھ ویلز کی موجودہ صورتحال میں اپنی ذاتی رائے دی تھی جس پر ان سے جواب طلبی کی گئی ہے۔




ان کا کہنا ہے کہ بریٹ لی اور لی مین نے صرف سچ بیان کیا ہے، واضح رہے کہ کوئنز لینڈ کے موجودہ کوچ لی مین نے میلبورن رینیگیڈز کے غیرملکی اسٹار مارلن سموئلز کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا تھا، جس پرانھیں 3 ہزار ڈالر کا معطل جرمانہ کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل بریٹ لی نے نیوسائوتھ ویلز کے برطرف کیے جانے والے کوچ انتھونی اسٹورٹ کی حمایت میں بیان دیا تھا۔

دوسری جانب میلبورن رینیگیڈز کے کوچ سیمون ہیلموٹ کے مطابق ویسٹ انڈین آل رائونڈر مارلن سموئلز اپنے بولنگ ایکشن کے قانونی ہونے کے بارے میں سوالات سے قطعی پریشان نہیں ہوتے، واضح رہے کہ بگ بیش میں برسبین ہیٹ کے کوچ ڈیرن لی مین نے انٹرنیشنل اسٹار کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا تھا،ہیلموٹ نے کہاکہ مارلن سموئلز کو اس بارے میں کیے جانے والے سوالات پر کوئی پریشانی نہیں ہوتی، انھوں نے ان سب باتوں کو اپنے ذہن سے ہٹادیا ہے، کوچ کے مطابق رواں سیزن میں سموئلز نے رینیگیڈز کے لیے قابل قدرخدمات انجام دی ہیں۔
Load Next Story