پریمیئر فٹبال لیگ حبیب بینک اور واپڈا کی فتوحات

آرمی اور نیشنل بینک کو شکست، کے ای ایس سی اور کے آر ایل آج مقابل


Sports Reporter January 02, 2013
مسلم ایف سی 26 کھیل کر14 بار فتحیاب ہونے کی بدولت 50 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ فوٹو: فائل

نویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں حبیب بینک اور واپڈا کی ٹیمیں فاتح رہیں۔

پیپلز فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں حبیب بینک نے آرمی کو 2-0 سے مات دے دی، اسٹرائیکرز محمد عاطف اور محمد یعقوب نے بالترتیب میچ کے9 ویں اور 32 ویں منٹ میں گول کیے، بہترین اسکورر عاطف اورکھلاڑی ایچ بی ایل کے ڈیفنڈر غضنفر عباس قرار پائے۔ کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم کراچی میں واپڈا نے نیشنل بینک کو 1-0سے زیرکرلیا، میچ کا واحدگول مڈ فیلڈر ذوالفقار شاہ نے29 ویں منٹ میں کیا۔

واپڈا کے مڈ فیلڈرمحمد احمد کو لگا تار دو یلو کارڈ 31 ویں اور44 ویں منٹ میں ہونے کی وجہ سے ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا، اسی ٹیم کے ذوالفقار شاہ، ڈیفنڈر وسیم عباس اور مڈ فیلڈرسید عارف حسین کو میچ کے بالترتیب 31 ویں،42 اور80 ویں جبکہ این بی پی کے مڈ فیلڈرز عبدالعزیز اور جاوید حمزہ کو71 ویں اور90+3 ویں منٹ میں یلو کارڈ ہوئے، بہترین اسکورر اور کھلاڑی کے ایوارڈ ذوالفقارشاہ کو دیے گئے۔بدھ کومسلم ایف سی اور ووہیب ایف سی لاہور کے مابین میچ گورنمنٹ ہائی اسکول گرائونڈ چمن میں کھیلا جائے گا۔

1

کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی اور خان ریسرچ لیبارٹری کی ٹیمیں کے پی ٹی فٹبال اسٹیڈیم میں مقابل ہوں گی۔ ایونٹ میں اب تک ہونے والے مقابلوں کے نتائج کے مطابق کے آر ایل ٹیم 24 میچ کھیل کر 18 فتوحات کیساتھ 59 پوائنٹس حاصل کرکے سرفہرست ہے،کے ای ایس سی نے26 میں 16 بار حریفوں کو پچھاڑ کر 55 کے ہمراہ دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا ہے، پی اے ایف 27 میں شرکت کرکے 15 بار کامیابی حاصل کرتے ہوئے 53 پوائنٹس جوڑ کر تیسرے، آرمی 24 میں سے15 مرتبہ حریف ٹیموں کو زیر کرتے ہوئے 51 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے۔

مسلم ایف سی 26 کھیل کر14 بار فتحیاب ہونے کی بدولت 50 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ نیشنل بینک چھٹی، نیوی ساتویں، پی آئی اے آٹھویں، کے پی ٹی نویں اور افغان ایف سی دسویں پوزیشن پر موجود ہے۔ باقی 6 پوزیشنزپر بالترتیب حبیب بینک، واپڈا، بلوچستان ایف سی، زرعی ترقیاتی بینک، پی ایم سی ایتھلیٹکو اور ووہیب کلب ایف سی کو جگہ ملی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں