برسبین ٹینس پیٹرا کیوٹوا کی ہمت جواب دے گئی

سارا ایرانی کا قصہ ڈنیلا ہنچووا کے ہاتھوں تمام ہوگیا، کیسینیا پاروک کی پیشقدمی جاری، سرینا ولیمز بھی فتحیاب


Sports Desk January 02, 2013
برسبین: اناستاسیا پاولیچنکووا دوسرے رائونڈ میں کیوٹووا کیخلاف بیک ہینڈ شاٹ کھیل رہی ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

سابق چیمپئن پیٹرا کیوٹوا کی ہمت برسبین ٹینس انٹرنیشنل کے دوسرے رائونڈ میں جواب دے گئی۔

سارا ایرانی کا قصہ سلواکین پلیئر ڈنیلا ہنچووا کے ہاتھوں تمام ہوگیا، قازقستان کی کیسینیا پاروک نے پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں جگہ بنالی، انھوں نے ارسزیلا ریڈوانسکا کو بھی ٹھکانے لگادیا، سرینا ولیمز نے آلیز کورنیٹ کو پچھاڑ کر اگلے مرحلے میں رسائی پائی، دوسری جانب نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں جاری کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں ٹاپ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا، جولیا گوریجس اور یاروسلوا شیوڈووا نے پہلا مرحلہ عبور کرلیا، 5 سیڈ سورانا کرسٹیا کی انجری کے سبب دستبرداری نے انگلش کھلاڑی ہیتھرو واٹسن کو اگلے رائونڈ میں پہنچوادیا۔

تفصیلات کے مطابق برسبین انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ میں منگل کو جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی 6 سیڈ پلیئر کو روس کی اناستاسیاپاولیچنکووا نے 6-4،7-5 سے مات دیدی، اٹلی کی 5 سیڈ سارا ایرانی کا قصہ سلواکین پلیئر ڈنیلا ہنچووا کے ہاتھوں تمام ہوگیا، 2012 کی رنر اپ ہنچووا نے سارا کو 4-6،6-1 اور 7-5 سے قابوکرلیا، امریکی اسٹار سرینا ولیمز نے فرانس کی آلیز کورنیٹ کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-2 سے ٹھکانے لگادیا، قازقستان کی کیسینیا پاروک نے پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے تیسرے رائونڈ میں جگہ بنالی۔

3

انھوں نے دوسری آزمائش میں ارسزیلا ریڈوانسکا کو ہردایا، ان کی فتح کا اسکور 3-6،6-2 اور 7-6(8/6) رہا، کیسینیا نے پہلے رائونڈ میں آسٹریلین اسٹار سمانتھا اسٹوسر کو ٹھکانے لگایا تھا۔ مینز فرسٹ رائونڈ میچز میں اسپین کے ٹومی روبریڈو نے امریکا کے ریان ہیریسن کو 6-4 ،7-6(7/4) سے ہرادیا، آسٹریا کے 7 سیڈ جرگن میلزر نے دوسرے امریکی پلیئر ڈینس کڈلا کو 2-6 ،6-4،6-4 سے مات دی، کولمبیا کے الیجاندر فالا نے جیسی لیوین کو 6-1،7-6(10/8) سے زیر کیا، سلواکیہ کے 8 سیڈ مارٹن کلزان کو ازبک پلیئر ڈینس استومن نے 6-1،6-2 سے قابو کیا، آسٹریلیا کے جون میلمین نے جاپانی حریف ٹیٹسوما ایٹو کو 6-4،6-1 سے شکست دی۔

آکلینڈ میں جاری کلاسک ٹینس ٹورنامنٹ میں 5 سیڈ سورانا کرسٹیا کی انجری کے سبب دستبرداری نے انگلش کھلاڑی ہیتھرو واٹسن کو اگلے رائونڈ میں پہنچوادیا۔ٹاپ سیڈ پولش پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا نے ہنگری کی گریٹا ارن کو 6-2،6-2 سے مات دی، جرمن کی 2 سیڈ جولیا گوریجس نے لٹوینیا کی اناستاجیا سویسٹووا کیخلاف 6-3،6-4 سے کامیابی حاصل کی، قازقستان سے تعلق رکھنے والی 6 سیڈ یاروسلوا شیوڈووا نے اسپینش حریف لارا ایروبیرا پر 6-3،6-2 سے غلبہ پایا، میزبان کیوی پلیئر مارینا ایراکووک نے کینیڈا کی اسٹیفنی ڈوبوئس کیخلاف 6-2،6-1 سے فتح پائی،جرمنی کی مونا بارتھیل نے امریکا کی گریس من کیخلاف 6-1،6-3 سے کامیابی حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں