عمران خان کا ٹولہ جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے خواجہ سعد رفیق

تحریک انصاف سیاسی کچرا ہے جسے کوئی منہ نہیں لگاتا وہ اس جماعت میں آجاتا ہے، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک January 26, 2017
تحریک انصاف سیاسی کچرا ہے جسے کوئی منہ نہیں لگاتا وہ اس جماعت میں آجاتا ہے، وزیر ریلوے، فوٹو؛ فائل

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاناما کیس جب عدالت میں ہے تو پھر پارلیمنٹ میں گند ڈالنے کی کیا ضرورت ہے تحریک انصاف کا مقصد حکومت گرانا ہے اور یہ ٹولہ جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپنے رد عمل میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جب پاناما کیس عدالت میں ہے تو پھر تحریک انصاف کا پارلیمنٹ میں آکر گند ڈالنے کا کیا مطلب ہے، عمران خان فیصلہ کریں کہ اس کیس کا فیصلہ عدالت میں کرنا ہے یا سڑکوں پر، وہ جلسوں اور دھرنوں میں عدالت لگاتے ہیں، انہوں نے 128 دن پارلیمنٹ کو جھوٹا کہا پھر واپس اسی میں آگئے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے عمران کی حالت کھسیانی بلی کھمبا نوچنے جیسے ہے، خیبرپختونخوا میں ان کی حکومت نے کباڑا کردیا، وہاں لوٹ مار کا عالم ہے، ان کی حکومت نے اپنے بنائے احتساب کمیشن کے پر کاٹ دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الزام اور بہتان کی سیاست کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا لیکن دھونس، جلاؤ گھیراؤ، الزام، بہتان اور دھمکیوں کی سیاست نہیں چل سکتی، پاکستان کے ووٹر کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جس نے عمران کا نیا پاکستان دیکھنا ہے وہ ان گالیوں کو سن لے جو ان کے اراکین نے (ن) لیگ والوں کو نکالیں، عمران خان کی زبان اور ان کے ساتھیوں کا طرز تکلم دیکھ لیں جو یہ اپنے مخالفین کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے جو کچھ ایوان میں کیا اس کا حساب میدان سیاست میں پاکستان کے ووٹر ان کو شکست دے کر لیں گے، پی ٹی آئی نے اسمبلی کے ڈائس پر چڑھ کر حملہ کیا، ہماری جماعت میں بھی غصے والے لوگ ہیں لیکن شاہد خاقان اونچی آواز میں بات بھی نہیں کرتے، ہماری یہ پریکٹس ہے کہ جب اپوزیشن کچھ گڑ بڑ کرے تو حکومتی وزیر سینئر اپوزیشن رکن کے پاس جاکر بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اینـڈ کمپنی ذہنی ہیجان کا شکار ہے، انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ اب کس طرح الیکشن میں جانا ہے، ان کے پاس اب گالی دینا اور چہرے کو داغدار کرنے کا ایجنڈا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ تحریک انصاف کا مقصد حکومت گرانا ہے، یہ ٹولہ جمہوری نظام کے لیے خطرہ ہے، عمران خان بتائیں انہوں نے کتنی بار جمہوریت کیلیے جیل کاٹی اور کتنی بار کوڑے کھائے، تحریک انصاف سیاسی کچرا ہے جسے کوئی منہ نہیں لگاتا وہ یہاں آجاتا ہے، شاہ محمود قریشی کی بھی یہ تیسری جماعت ہے اور جو آدمی تین جماعتیں بدل چکا ہے وہ چوتھی میں بھی جائے گا، ان لوگوں کا کوئی کردار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے ایوان میں طوفان بدتمیزی برپا کیا، ہم سمجھتے تھے کہ شاہ محمود سمجھدار انسان ہیں لیکن انہوں نے اس طوفان کو لیڈ کیا، پی ٹی آئی کو صرف لفنٹر لوگ چاہئیں اور شاہ محمود نے شاید اپنی جماعت کے پریشر کی وجہ سے ایسا کیا، ہمیں ان سے آج ایسے کام کی توقع نہیں تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔