ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ كر نتائج مانگے جارہے ہیں میئر کراچی

اختیارات نہ دیئے گئے تو پورا كراچی بھرپور تیاری كے ساتھ سپریم كورٹ جائے گا، وسیم اختر


ویب ڈیسک January 26, 2017
اختیارات نہ دیئے گئے تو پورا كراچی بھرپور تیاری كے ساتھ سپریم كورٹ جائے گا، وسیم اختر، فوٹو؛ این این آئی

میئر كراچی وسیم اختر نے كہا ہے كہ ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ کر نتائج مانگے جارہے ہیں لہٰذا اگر اختیارات نہ دیئے گئے تو پورا كراچی بھرپور تیاری كے ساتھ سپریم كورٹ جائے گا۔

میئر کراچی وسیم اختر نے پاكستان مسلم لیگ (ق) سندھ كے جنرل سیكریٹری طارق حسن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور اس موقع پر سٹی كونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم آفریدی، مسلم لیگ (ق) كے رہنما نعمت خلجی، اختر پرویز، ڈاكٹر جعفر الحسن، سیمی صدیقی، اسلم سندھی، رفعت اعوان، قیوم اور دیگر بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے كہا كہ كراچی كی ترقی اور بہتری كے لیے میں تمام جماعتوں كے پاس جارہا ہوں اور مجھے یقین ہے كہ ہم سب مل كر شہر كے مسائل كو حل كرلیں گے۔

وسیم اختر نے كہا كہ چھوٹے كاموں كی تكمیل پر تختیاں لگانے سے كچھ نہیں ہوتا، اچھی قانون سازی ہونی چاہیے اور اصل جمہوریت یہ ہے كہ تمام منتخب لوگوں كو ساتھ لے كر چلا جائے۔ انہوں نے كہا كہ جمہوریت كی بنیاد لوكل گورنمنٹ ہوتی ہے اس كو اختیارات نہیں دیئے جائیں گے تو ملك اور صوبے میں جمہوریت كے پنپنے كا جواز نہیں رہ جاتا، موجودہ حكومت اپنے ہی بنائے ہوئے آئین سے انحراف كررہی ہے، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ كر نتائج مانگے جارہے ہیں، افسوس كے ساتھ كہنا پڑتا ہے كہ شہر كا مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور اختیارات موجودہ حكومت نے اپنے پاس ركھے ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔