کرپٹ لوگوں کو اسمبلی میں لانے سے بہتر ہے اسے بند ہی کر دیا جائے عمران خان

نواز شریف کو قطری شہزادے کے خط پر ہی جیل میں ڈال دینا چاہیئے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 27, 2017
پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور ٹیکس چھپانا ہے لیکن قومی اسمبلی میں ان ایشوز پر بات ہی نہیں ہوتی، عمران خان۔ فوٹو: فائل

SALVADOR: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن اور ٹیکس چھپانا ہے اور اگر کرپٹ لوگوں کو ہی قومی اسمبلی میں لانا ہے تو بہتر ہے کہ اسے بند کر کے قوم کا پیسہ بچایا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر جمہوریت میں چیف ایگزیکٹو عوام کو جوابدہ ہوتا ہے اور ہم نے بھی گزشتہ روز حکومت سے یہ جاننے کی کوشش کی کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں سچ کہا تھا یا پھر سپریم کورٹ میں لیکن گزشتہ روز (ن) لیگ کے غنڈوں نے جو کچھ کیا وہ انتہائی شرمناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جب اسمبلی اور الیکشن کمیشن سے انصاف نہ ملا تو ہم سڑکوں پر آئے لیکن ہم پر تشدد کیا گیا، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ سب سے پہلے (ن) لیگ نواز شریف سے جواب مانگتی جیسے برطانیہ میں مارگریٹ تھیچر اور ٹونی بلیئر کو ان کی جماعتوں نے نکالا لیکن (ن) لیگ نواز شریف کی کرپشن بچا رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کو جمہوریت کی روح اور تہذیب کا پتہ نہیں ہے، یہ فاشسٹ مائنڈ رکھنے والے لوگ ہیں اور ان کے نزدیک کرپشن کو چھپانا اور قوم کا پیسہ لوٹنا جمہوریت ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نوازشریف کی نام نہاد جمہوریت اورآمریت میں کوئی فرق نہیں

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ کرپشن اور ٹیکس چھپانا پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور قومی اسمبلی میں ان دونوں ایشوز پر بات ہی نہیں ہوتی، ایسی اسمبلی میں کون جانا پسند کرے گا، اگر اسمبلی میں کرپٹ اور بے ایمان افراد کو ہی لانا ہے تو بہتر ہے کہ اسے بند کر دیا جائے اور قوم کا پیسہ بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع دیئے گئے ہیں اس لئے وہ خط پے خط لکھ رہا ہے، یہ وہ قطری شہزادہ ہے جس پر کرپشن کا الزام ہے اور جس کا نام پاناما پیپرز میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف قوم کو قطری شہزادے کے خطوط کے ذریعے بے وقوف بنا رہے ہیں، انہیں تو قطری شہزادے کے خط پر ہی جیل میں ڈال دینا چاہیئے تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : انصاف کو دھمکانے اور مفلوج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، شیخ رشید

عمران خان نے کہا کہ کل (ن) لیگی غنڈوں نے اسمبلی میں جو حرکتیں کی ہیں، یہ سب لوگ 2007 میں کدھر تھے جب نواز شریف کو دھکے مار کر ملک سے باہر بھیجا جا رہا، میں ایئرپورٹ پر موجود تھا لیکن یہ لوگ جو کل قومی اسمبلی میں شیر بن رہے تھے دم دبا کر بلوں میں گھسے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے جن ممبران کے ضمیر زندہ ہیں وہ سامنے نہیں آ رہے، صرف بکے ہوئے اور بے ضمیر لوگ نواز شریف خاندان کے جھوٹ اور کرپشن کو بچانے کے لئے سامنے آ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |