سلو اوور ریٹ آئی سی سی نے اظہر علی پر ایک میچ کی پابندی لگادی

اظہر علی پر میچ کا 40 فیصد جب کہ دیگر کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے


Sports Desk January 27, 2017
پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے میں مقررہ وقت پر 2 اوور پیچھے تھی۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ کا مرتکب قرار پانے پر پاکستانی کپتان اظہر علی پر ایک میچ کی پابندی عائد کردی ہے.

اظہر علی کو میچ کی 40 فیصد جبکہ دیگر کھلاڑیوں کو 20 فیصد میچ فیس سے محروم ہونا پڑے گا۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں مقررہ وقت میں اوورز پورے نہ کرنے پر اظہر علی کو اس پابندی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان ٹیم مقررہ وقت پر 2 اوور پیچھے تھی۔ ان پر یہ الزام فیلڈ امپائرز سیمن فرائے اور شمس الدین، تھرڈ امپائر کرس گیفنی اور فورتھ آفیشل سیم نوگاسکی کی جانب سے عائد کیا گیا۔ اپریل میں دورہ ویسٹ انڈیز تک اگر اظہر کپتان برقرار رہے تو وہ پہلا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : مکی آرتھر نے فیلڈنگ اور فٹنس میں بہت پیچھے رہ جانے کا اعتراف کرلیا

12 ماہ کے اندر دوسری بار سلو اوور ریٹ کے مرتکب قرار پانے پر اظہر علی کو معطلی کی سزا دی گئی، اس سے قبل 31 جنوری 2016 کو نیوزی لینڈ کیخلاف میچ میں سست رفتار بولنگ کی وجہ سے انہیں 20 فیصد میچ فیس کا جرمانہ ہوا تھا جبکہ اس سے قبل نومبر میں نیوزی لینڈ کیخلاف ہیملٹن ٹیسٹ میں اسی غلطی پر پوری میچ فیس سے ہاتھ دھونے پڑے تھے جب وہ مصباح الحق کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔

اظہر علی آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں مشکلات کا شکار رہے، پہلے میچ میں وہ ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے اور 24 رنز سکور کئے، اسی سبب دو میچز نہ کھیل پائے جبکہ آخری دو ون ڈے مقابلوں میں بالترتیب 7 اور 6 رنز ہی بنا پائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں