میئر کراچی کا وزیراعظم سے شہر کیلیے بڑے ترقیاتی پیکیج کا مطالبہ

وسائل كی فراہمی كے بعد شہر بھر كے لیے بھرپور طریقے سے كام كیا جاسكتا ہے، وسیم اختر


ویب ڈیسک January 27, 2017
وسائل كی فراہمی كے بعد شہر بھر كے لیے بھرپور طریقے سے كام كیا جاسكتا ہے، وسیم اختر، فوٹو؛ فائل

میئركراچی وسیم اختر نے ایک بار پھر وزیراعظم سے شہر کی ترقی کے لیے بڑے پیکیج کا مطالبہ کردیا۔

اپنے دفتر میئر بہاولپور عقیل النجم ہاشمی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ آپ پاكستان كے پہلے میئر ہیں جو كے ایم سی تشریف لائے ہیں آپ خوش قسمت میئر ہیں كہ جو پلان كرتے ہیں اور جو سوچتے ہیں اس كے لیے اختیارات اور فنڈز بھی دستیاب ہیں، آپ كی حكومت آپ كو اختیارات اور فنڈز دیتی ہے، ہمیں اختیارات اور فنڈز نہیں دیئے جارہے۔ انہوں نے كہا كہ میں وزیراعظم سے درخواست كروں گا كہ وہ كراچی كے لیے بڑا پیكیج دیں جو اس كی ضرورت ہے۔

میئر بہاولپور عقیل النجم ہاشمی نے كہا كہ میں كراچی كے لیے نیك خواہشات لے كر آیا ہوں ،وزیراعظم پاكستان كراچی كی ترقی اور بہتری كی خواہش ركھتے ہیں ہم ان سے امید كرتے ہیں كہ وہ كراچی كے لیے پیكیج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی ادارے جمہوریت كی نرسری ہیں، انہیں مكمل اختیارات دیے جانے چاہئیں، كراچی كے مسائل حل ہونے چاہئیں، كراچی كو بہت آگے جانا ہے ہم كراچی كو روشنیوں كا شہر دیكھنا چاہتے ہیں۔

میئركراچی وسیم اختر نے اس موقع پر بہاولپور کے مئیر کو كراچی كے حوالے سے مختلف مسائل سے آگاہ كرتے ہوئے بتایا كہ انتہائی نامساعد حالات میں بھی شہر كے لیے وہ اور ان كی ٹیم كام كررہی ہے اور شہر كی منتخب یوسیز میں 100 روزہ صفائی مہم كے حوالے سے بھرپور كام كیا جارہا ہے تاكہ ہم بتاسكیں كہ وسائل كی عدم فراہمی كے باوجود اگر ہم چند منتخب یوسیز میں شہریوں مسائل كے حل كے حوالے سے مختلف كام سرانجام دے سكتے ہیں تو وسائل كی فراہمی كے بعد شہر بھر كے لیے بھرپور طریقے سے كام كیا جاسكتا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر كی كہ وزیراعظم پاكستان كراچی كے لیے بڑے پیكیج كا اعلان كریں گے جو اس شہر كی شدید ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں