سندھ حکومت کا سرکلرریلوے کیلیے ریلوے کی زمین سے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ

قابضین كو جگہ خالی كرنے كے لیے نوٹسز جاری كیے جائیں، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ


ویب ڈیسک January 27, 2017
قابضین كو جگہ خالی كرنے كے لیے نوٹسز جاری كیے جائیں، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، فوٹو؛ فائل

حكومت سندھ نے سركلر ریلوے كی بحالی کے لیے ریلوے كی زمین سے تجاوزات كے خاتمے كا فیصلہ كرلیا جس کے تحت ساڑھے چار ہزار مكانات كو گرایا جائے گا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ناصر حسین شاہ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کمشنر کراچی سمیت تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے ناصرحسین شاہ نے كہا كہ سرکلر ریلوے منصوبہ كراچی كے عوام كے لیے بہت زیادہ اہمیت كا حامل ہے اس لیے ضروری ہے كہ پہلے قابضین كو جگہ خالی كرنے كے لیے نوٹسز جاری كیے جائیں اور اس كے بعد تجاوازت كے خاتمے كے منصوبے پر عمل درآمد كو یقینی بنایا جائے۔

ناصر شاہ نے كہا كہ حكومت سندھ كا یہ عزم ہے كہ سركلر ریلوے كی اراضی پر ناجائز طور پر قابض افراد كو بے دخل كركے سركاری اراضی سے ہر قسم كا قبضہ ختم كرایا جائے گا كیونكہ حكومت سندھ نے سركلر ریلوے كے منصوبے كو مكمل كرنے كا تہیہ كرركھا ہے اور وزیراعلیٰ سندھ كے یہ واضح احكامات ہیں كہ اس منصوبے كی تكمیل میں كسی قسم كی تاخیر برداشت نہیں كی جائے گی۔ انہوں نے كہا كہ پارٹی قائدین آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری كی ہدایت ہے كہ شہریوں كو ٹریفك جام كے مسائل سے نجات دلائی جائے اور حكومت سندھ پارٹی قیادت كے ویژن پر عمل درآمد كرے گی اور صوبائی حكومت سركلر ریلوے سمیت ٹرانسپورٹ كے دیگر منصوبے بھی جلد مكمل كرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔