ملک بھرمیں موسم سرد کہیں بارش تو کہیں برفباری کا راج

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اور موسم خشک رہنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک January 28, 2017
سوات، کالام ، مالم جبہ، میاندم، گلیات ، ٹھندیانی ،ایوبیہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے: فوٹو: فائل

ملک کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جب کہ مختلف مقامات پرحد نگاہ صفرہونے سے ٹریفک حادثات بھی رونما ہوئے ہیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق ملک بھر میں کہیں دھند ہے تو کہیں بارش اورکہیں برفباری نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ سوات، کالام ، مالم جبہ، میاندم، گلیات ، ٹھندیانی ،ایوبیہ سمیت بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے جب کہ ایبٹ آباد میں وقفے وقفے سے بارش ہورہی ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج ہے اور حادثات میں 7 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان اور گردونواح میں دھند چھٹنے لگی ہے اور حد نگاہ 700 میٹر ہوگئی اور دھند کے باعث متاثر ہونے والی پروازیں شارجہ , ریاض اور ابوظہبی روانہ ہوگئی ہیں۔ ملتان میں دھند کا سلسلہ تین روز تک جاری رہے گا جب کہ 2 گھنٹے بعد مطلع صاف ہو جائے گا. دوسری جانب سیالکوٹ، کوٹ ادو، ڈی جی خان،لیہ اورپنجگورمیں درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان موٹرے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے پر شدید دھند ہے اور حد نگاہ اکثر مقامات پر صفر ہوگئی ہے جس کے باعث نیشنل ہائی وے، قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اوکا ڑہ، ساہیوال، میاں چنوں، ملتان اوربہا ولپور اور احمد پور شرقیہ کے علا قوں میں شد ید دھند سے حد نگا ہ اکثر مقامات پر صفر ہوچکی ہے۔ موٹر وے پولیس نے شہریوں کو دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ کسی مشکل صورت حال میں شہری ہیلپ لائن 130 پررابطہ کرسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا میں سب سے زیادہ بارش مالم جبہ میں 4 ملی میٹر جب کہ کلام اور سیدو شریف ایک ملی میٹرجب کہ استور میں 0.2 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی12 ریکارڈ کیا گیا، اس کے علاوہ پاراچنار منفی8 ، مالم جبہ منفی 6 ، استور اور قلات منفی 4، مری منفی 3، چترال، دیر، کالام، کوئٹہ، گوپس اور بگروٹ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ بالائی علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا جبکہ مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع صاف اورموسم خشک رہنے کا امکان ہے، آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور اس وقت شہر کا درجہ حرارت 17 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، شہر میں 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مشرقی ہوائیں چل رہی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں