جائلز کلارک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی جلد بحالی کیلیے پرامید

شائقین کےجذبات کی قدراور ان سےہمدردی بھی ہے،امید ہےکہ جلد ہی اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے،جائلز کلارک

شائقین کے جذبات کی قدر اور ان سے ہمدردی بھی ہے، امید ہے کہ جلد ہی اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے،جائلز کلارک : فوٹو: فائل

آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی جلد بحالی کیلیے پر امید ہیں۔

آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ سیکورٹی حالات کا جائزہ لینے کیلیے پاکستان آیا ہوں، پاکستان آئی سی سی کا ایک اہم رکن اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا نہ ہونا افوسناک ہے، شائقین کے جذبات کی قدر اور ان سے ہمدردی بھی ہے، امید ہے کہ جلد ہی اپنے ہیروز کو ایکشن میں دیکھ سکیں گے، اس ضمن میں کی جانے والی پی سی بی کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں، ان کے مثبت نتائج بھی برآمد ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ 1973کے بعد پہلی بار پاکستان آیا ہوں، لاہور بہت خوبصورت شہر اور لوگ بڑے مہمان نوازہیں۔ جائلز کلارک کی وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے بھی 45منٹ تک ملاقات میں اہم بات چیت ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ لاہور کو محفوظ شہر بنانے کیلیے منصوبہ خوش آئند ہے، حالات پہلے سے بہت بہتر ہوئے ہیں۔


اس سے قبل جائلز کلارک کے پاکستان پہنچنے پرچیئرمین پی سی بی شہریارخان اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سبحان احمد نے دیگر آفیشلز کے ساتھ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، بعد ازاں انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے ملاقات بھی کی۔ ان کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جائلز کلارک 2009 میں بنائی جانے والی آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ اور مختلف امور میں پی سی بی کی معاونت کیلیے سرگرم رہے ہیں، انہیں پاکستان کا دوست سمجھا جاتا ہے، زمبابوے کی میزبانی کے بعد پی سی بی اعتماد کی بحالی کا یہ سفر جاری رکھتے ہوئے مزید غیرملکی ٹیموں کو بلانے کی خواہاں ہے، اس ضمن میں کرکٹ کھیلنے والے ملکوں اور آئی سی سی میں گہرا اثر و رسوخ رکھنے والے جائلز کلارک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
Load Next Story