زندگی مقابلے کا نام اور سیاست میں میرا مقابلہ نواز شریف سے ہے عمران خان

نیوزی لینڈ کی آبادی صرف 50 لاکھ ہے لیکن پاکستان سے زیادہ کھیلوں کے میدان اور مواقع میسر ہیں، عمران خان


ویب ڈیسک January 28, 2017
شہباز شریف اور پرویز خٹک کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، عمران خان۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ زندگی مقابلے کا نام ہے اور سیاست میں میرا مقابلہ نواز شریف کے ساتھ ہے۔

پشاور میں دوسری انڈر 23 خیبر پختونخوا گیمز ٹرافی کی رونمائی کے حوالے سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کھیل انسان کو جلد بوڑھا ہونے سے روکتے ہیں لیکن پاکستان میں کھیلوں پر اہمیت نہیں دی جاتی، ہماری حکومت بنی تو کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، مجھے خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کھیلوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی 20 کروڑ جبکہ نیوزی لینڈ کی آبادی صرف 50 لاکھ ہے لیکن اس کے باوجود وہاں پاکستان سے زیادہ کھیلوں کے میدان اور مواقع موجود ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: نوازشریف کی نام نہاد جمہوریت اورآمریت میں کوئی فرق نہیں

عمران خان کا کہنا تھا کہ ڈھائی کروڑ بچے آج بھی اسکولوں سے باہر ہیں لیکن نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں میں برابر مواقع فراہم کرنا چیلنج ہے، یہ نوجوان ہی نیا پاکستان بنائیں گے اور کھیلوں سمیت ہر شعبے میں پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل مقابلہ کرنا سکھاتا ہے اور سیاست میں میرا مقابلہ نواز شریف سے ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: آگ اورخون کی ہولی کھیلنے والے قوم کے دشمن ہیں، عمران خان

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ شہباز شریف اور پرویز خٹک کا کوئی مقابلہ نہیں ہے کیونکہ پرویز خٹک یہ جان چکے ہیں کہ ترقی سڑکوں اور انڈر پاسز پر پیسہ لگانے سے نہیں بلکہ تعلیم، صحت اور کھیلوں پر پیسہ لگانے سے ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خیبر پختونخوا میں ادارے مضبوط ہو رہے ہیں، کے پی کے کی پولیس پورے پاکستان میں سب سے زیادہ اچھی کارکردگی کی حامل ہے جبکہ خیبر پختونخوا کا تعلیمی نظام بھی پورے پاکستان میں سب سے اچھا ہے۔ ہم صحت کے شعبے میں بھی ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں اور بہت جلد صحت کے شعبے میں بھی خیبر پختونخوا دیگر صوبوں سے آگے ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں