سرینا ولیمز نے آسٹریلین اوپن جیت کر اسٹیفی گراف کا ریکارڈ توڑ دیا

سرینا ولیمز نے فائنل میں اپنی بہن کو شکست دیکر ساتویں بار آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا

سیرینا نے 23 ویں مرتبہ گرینڈ سلم ٹرافی اپنے نام کرتے ہوئے اوپن ایرا میں اسٹیفی گراف کو بھی پیچھے چھوڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین اوپن ویمنز سنگلز کے فائنل میں اپنی بہن کو شکست دے کر سرینا ولیمز نے سابق ورلڈ چیمپئن اسٹیفی گراف کا سب سے زیادہ ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

سرینا ولیمز نے فائنل میں اپنی بہن وینس ولیمز کو 4-6 اور 4-6 کے یکساں مارجن سے شکست دی۔ سرینا ولیمز کا آسٹریلین اوپن کا یہ ساتواں ٹائٹل ہے جبکہ انہوں نے 23 ویں مرتبہ گرینڈ سلم ٹرافی اپنے نام کرتے ہوئے اوپن ایرا میں اسٹیفی گراف کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ آل ٹائم ریکارڈ سابق آسٹریلوی اسٹار مارگریٹ کے نام ہے جنہوں نے 24 گرینڈ سلم ٹائٹل جیت رکھے ہیں۔


سیکنڈ سیڈ اور عالمی نمبر 2 سرینا ولیمز فائنل میں فیورٹ تھیں اور انہوں نے توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنی بڑی بہن وینس ولیمز کے خلاف معرکہ سر کیا، وینس نے میچ کے دوران سرینا پر بھرپور پریشر ڈالا جس کی وجہ سے ان سے غلطیاں سرزد ہوتی رہیں۔ ایک بار مایوسی کے عالم میں انہوں نے اپنا ریکٹ بھی کورٹ میں پٹخا جس پر انہیں تنبیہ بھی کی گئی۔ سرینا نے 14 سال قبل آسٹریلین اوپن کا پہلا ٹائٹل جیتا تھا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وینس ولیمز نے 23 واں گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے شوکیس میں سجانے پر سرینا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی بہن پر فخر ہے۔ سرینا نے بھی وینس کی دل کھول کر تعریف کی، آسٹریلین اوپن کی چیمپئن نے کہا کہ وینس نے مجھے ہمیشہ متاثر کیا، ایونٹ کے دوران ان کی ہر فتح مجھے اپنی کامیابی محسوس ہوئی۔ 23 واں گرینڈ سلم جیتنے میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، وینس کے بغیر شاید میں ایک ٹائٹل بھی نہ جیت پاتی۔ وینس کی وجہ سے ہی ولیمز سسٹرز کو جانا جاتا ہے اور میری آج یہاں موجودگی کی وجہ بھی وہ ہی ہیں۔
Load Next Story