ٹیلی کام سیکٹر سے ٹیکس وصولیوں کے فرانزک آڈٹ کا فیصلہ

ورلڈ بینک تعاون کرے گا، فرانزک آڈٹ کیلیے ابتدائی ورکنگ مکمل،اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جارہی ہے،ذرائع

عالمی بینک کے تعاون سے فرانزک آڈٹ کے لیے ابتدائی ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے۔ فوٹو : فائل

وفاقی حکومت نے عالمی بینک کے تعاون سے ٹیلی کام سیکٹر سے حاصل ہونے والی ٹیکس وصولیوں کا فرانزک آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس کو دستیاب دستاویز کے مطابق چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ ٹیلی کام کمپنیوں کے ذمے واجب الادا ٹیکسوں کی مختلف ذرائع سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس مقصد کے لیے واجب الادا ٹیکسوں کے بارے میں معمول کا آڈٹ کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ ودہولڈنگ ٹیکس آڈٹ بھی کرایا جاتا ہے۔


دستاویز میں چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے انکشاف کیاکہ عالمی بینک کی مشاورت و تعاون سے ٹیلی کام سیکٹر کا فرانزک آڈٹ کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ موبائل انڈسٹری کی مشاورت اور تعاون سے باقاعدگی کے ساتھ الیکٹرانیکلی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی اے نے یہ بھی بتایا کہ مئی 2016 تک ٹیلی کام سیکٹر کی جانب سے مجموعی طور پر37 ارب 34کروڑ روپے ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں جمع کرائے گئے ہیں جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 2ارب روپے کا ریونیو جمع کرایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی بینک کے تعاون سے فرانزک آڈٹ کے لیے ابتدائی ورکنگ مکمل کرلی گئی ہے اور اس بارے میں تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے باہمی مشاورت کی جارہی ہے۔
Load Next Story