پاکستان اوربھارت کے درمیان ون ڈے سیریزکا دوسراٹاکرا آج ہوگا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے تھنک ٹینک نے اپنے کھلاڑیوں کو حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیوزبھی دکھائیں

پاکستان کو بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز مین ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلی جارہی ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ آج ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور انداز میں الگ الگ نیٹ پریکٹس کی،بھارتی کرکٹ ٹیم کے تھنک ٹینک نے اپنے کھلاڑیوں کو حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے پاکستانی کھلاڑیوں کی ویڈیوزبھی دکھائیں۔


قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی پرامید ہیں کہ وہ کولکتہ میں کامیابی کے سابق ریکارڈ کو جاری رکھتے ہوئے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلیں گے جبکہ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے بھی اس امید کا اظہارکیا کہ ان کی ٹیم دوسرے ون ڈے میں کم بیک کرے گی۔

واضح رہے کہ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں پاکستان کبھی بھی بھارت سے نہیں ہارا اس کے علاوہ پاکستان کو 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے اور دوسرا میچ جیتنے کی صورت میں پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل ہوجائے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story