پاکستان میں 13برس بعد ٹینس کا میلہ سجنے کے لیے تیار

مقابلے 3 سے 5 فروری تک اسلام آباد میں شیڈول، اعصام الحق نے اسکواڈ کو جوائن کرلیا


Sports Reporter January 29, 2017
ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کیلیے ایرانی ٹیم کل پہنچے گی۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں ٹینس کا عالمی میلہ13 برس کے بعد سجنے کا وقت آگیا، ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت کے لیے ایران کی ٹیم پیرکوپاکستان پہنچے گی، ایران اور پاکستان کے درمیان ٹائی3 سے 5 فروری تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شیڈول ہے۔ قومی ٹیم اعصام الحق، عقیل خان، عابد علی اکبر اورعابد مشتاق پر مشتمل ہے جبکہ رشید ملک بطور نان پلیئنگ ٹیم کپتان ہوں گے، ٹیم مینجمنٹ کے مطابق اعصام الحق کے آنے سے ٹیم بہت مضبوط ہوئی ہے، مہمان ٹیم کواپنے ہوم گراؤنڈ اورکراؤڈ میں شکست دینے میں کامیاب رہیں گے۔

پاکستان 13برس بعد ٹینس کے انٹرنیشنل مقابلوں کی دوبارہ میزبانی کرے گا۔ یاد رہے کہ پاکستان میں آخری بار2004 میں تھائی لینڈ کی ٹیم نے لاہور کا دورہ کیا تھا اور قومی ٹیم یہ مقابلے اپنے نام کرنے میں کامیاب بھی رہی تھی، بعد ازاں سیکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر انٹرنیشنل ٹیموں نے پاکستان میں آنے سے انکارکردیا، رہی سہی کسر مارچ2009 میں لاہور ٹیسٹ کے تیسرے دن بعض شدت پسندوں کی طرف سے سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے نے پوری کر دی۔

اس صورتحال کے بعد پاکستان کو ڈیوس کپ ٹائی سمیت انٹرنیشنل مقابلوں کی ہوم سیریز بھی دیارغیرمیں کھیلنا پڑیں جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کومتعدد بار ناخوشگوار واقعات کا بھی سامنا کرنا پڑا، پی ٹی ایف حکام کی بھرپور کوشش کے بعد انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے 13برس بعد پاکستان کوڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی کرنے کی اجازت دی، ابتدا میں ایران نے پاکستان میں ٹائی کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے آئی ٹی ایف کو اسے کسی دوسرے متبادل مقام پر کرانے کی درخواست کی تھی تاہم اسے مسترد کردیا گیا تھا، اب ڈیوس کپ ٹائی کا حصہ بننے کے لیے ایران کی ٹیم پیر کو پاکستان پہنچے گی، ایران اور پاکستان کے درمیان ٹائی 3 سے 5 فروری تک پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شیڈول ہے۔

قومی ٹیم اعصام الحق، عقیل خان، عابد علی اکبر اور عابد مشتاق پر مشتمل ہے جبکہ رشید ملک بطور نان پلیئنگ کپتان ساتھ ہوں گے، ٹیم مینجمنٹ اور ٹینس حکام پُرامید ہیں کہ اعصام الحق کے آنے سے ٹیم بہت مضبوط ہوئی ہے، مہمان ٹیم کوہوم گراؤنڈ اورکراؤڈ میں شکست دینے میں سرخرو ہوں گے، پی ٹی ایف حکام کے مطابق ایونٹ کی تیاری کیلیے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے اورانھیں رشید ملک جدید اور اعلی معیار کی تربیت دے رہے ہیں، اعصام الحق نے بھی کیمپ کو جوائن کر لیا۔

دوسری جانب عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ٹائی میں پاکستان کو ہوم کنڈیشن کا فائدہ ہوگا، امید ہے کہ ایران کیخلاف قومی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی۔ ایک سوال پرٹینس عہدیداروں کا مزیدکہنا تھاکہ ڈیوس کپ مقابلوں کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، ایونٹ کے دوران مہمان کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیاکی جائے گی، ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے دنیا بھر کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے محفوظ ملک ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں