سپریم کورٹ میں خط پیش کرنے والا قطری نواز شریف کا بزنس پارٹنر ہے عمران خان

دعا ہے کہ پاکستانیوں کو امریکا کا ویزا ملنا بند ہو جائے ، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک January 29, 2017
 نوازشریف کو منتخب کرکے ہمیں سزا مل رہی ہے اسی طرح امریکیوں کو ٹرمپ کو منتخب کرکے ملے گی ، چیرمین تحریک انصاف فوٹو: فیس بک

پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران کا کہنا ہے کہ جو قومیں دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلاتی ہیں وہ کبھی بھی عزت نہیں پاتیں اور پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ حکمرانوں کی کرپشن ہے اورجو قطری شہزادہ سپریم کورٹ میں خط دے رہا ہے وہ نوازشریف کا بزنس پارٹنر ہے۔



ساہیوال میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بڑی سفارش کے بغیر اچھی نوکری نہیں ملتی جبکہ سرکاری نوکریاں بکتی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے بیرون ملک مقیم ہو گئے لیکن آج وہ لوگ بہت مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے صدر بننے کے بعد مسلمانوں کے لئے ویزا پالیسیاں انتہائی سخت کر دی ہیں اور ایسی باتیں بھی سننے کو مل رہی ہیں کہ شاید پاکستانیوں کو امریکا کا ویزا ہی نہ ملے، دعا ہے کہ پاکستانیوں کو امریکا کا ویزا ملنا بند ہو جائے کیونکہ اس طرح سے ہمیں اپنے ملک کے نظام کو بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سیاست میں میرا مقابلہ نواز شریف سے ہے، عمران خان



عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں نے آئی ایم ایف سے اس قدر قرضے لے لئے ہیں کہ ایک ایک پاکستانی لاکھوں روپے کا مقروض ہو گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج گرین پاسپورٹ کی دنیا میں عزت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ خود دار قومیں کبھی بھی دوسروں کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاتیں اور اس کی بہترین مثال ایران کی ہے کہ جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانیوں پر پابندی کا اعلان کیا تو جواب میں ایران نے امریکیوں پر پابندی کا اعلان کردیا، جس دن ہم نے پاکستان کو اپنا سمجھ لیا اور اس ملک میں ایماندار حکومت آ گئی تو ملک کی تقدر بدل جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کرپٹ لوگوں کو اسمبلی میں لانے سے بہتر ہے اسے بند ہی کر دیا جائے



چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہمارے حکمران اقتدار میں آتے ہیں اور کرپشن سے پیسہ بنا کر بیرون ملک لے جاتے ہیں، پاناما کیس میں پہلی بار ملک کے وزیراعظم کی تلاشی لی جا رہی ہے، جب وزیراعظم کی تلاشی شروع ہوئی تو قطری شہزادے کا خط سامنے آ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کا جو بھی نتیجہ نکلے گا اس کا فائدہ پاکستان کو پہنچے گا اور اب تو مجھے نواز شریف اور مریم نواز پر بھی ترس آ رہا ہے، میاں صاحب بہت زیادتی کر رہے ہیں، خود پیسہ چوری کر کے اپنے بچوں کو ذلیل کروا رہے ہیں۔ بہت جلد یہ ملک ایک عظیم ملک بنے گا اور ہم بھی ایران کی طرح امریکا کو دو ٹوک جواب دیں گے، نوازشریف کو منتخب کرکے ہمیں تو سزا مل رہی ہے اور امریکیوں کو بھی بہت جلد ٹرمپ کو منتخب کرنے پر سزا ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔