بلائنڈ ٹی20 ورلڈکپ پاکستان کو آج نیوزی لینڈ کا چیلنج درپیش

گرین شرٹس کل انگلینڈ کیخلاف صف آرا ہونگے، قومی کپتان کامیابی کیلیے پرامید


Sports Reporter January 30, 2017
دن کا دوسرا مقابلہ میزبان بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان ہوگا۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD: دوسرے بلائنڈ ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کا پہلا امتحان آج کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا۔

پاکستانی ٹیم آج دہلی میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی تاہم گرین شرٹس منگل کو دوسرے میچ میں انگلینڈ جبکہ یکم فروری کو بھارت کے مقابل ہوں گے جب کہ آج شیڈول دوسرے میچ میں بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیش کا سامنا کرنا ہے۔

دوسری جانب پاکستان ٹیم کے کپتان محمد جمیل کا کہنا ہے کہ تمام کھلاڑی فٹ اور عمدہ کارکردگی دکھانے کیلیے پر عزم ہیں۔ نیوزی لینڈ کیخلاف فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے ٹائٹل کے حصول کی مہم شروع کریں گے، بیٹسمین اچھی فارم میں اور بولرز بھی ردھم میں نظر آرہے ہیں،میزبان بھارت کے چیلنج کا سامنا کرنے کیلیے بھی تیار ہیں۔

دوسرا ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ آج بھارت میں شروع ہورہا ہے تاہم جنوری سے 12فروری تک میزبان ملک کے مختلف شہروں میں جاری رہنے والے ایونٹ میں 10ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلیے ایکشن میں دکھائی دیں گی، ان میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، نیپال،نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ پاکستان کی 17کھلاڑیوں اور 3 آفیشلز پر مشتمل20 رکنی ٹیم میگا ایونٹ میں شرکت کیلیے بھارت پہنچ تھی، عبدالرزاق کوچ، حبیب اللہ مینجر اور طاہر بٹ ٹرینر کے طور پر ہمراہ اور محمد جمیل قیادت کررہے ہیں، انیس جاوید نائب کپتان ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔