اسحاق ڈار سے اٹک جیل میں لئے گئے بیان کی کوئی اہمیت نہیں انوشہ رحمان

تحریک انصاف کی سیاست پاکستان کے بنیادی مسائل کےلئے نہیں وزیراعظم کے خاندان کی کردار کشی ہے، انوشہ رحمان


ویب ڈیسک January 30, 2017
تحریک انصاف کی سیاست پاکستان کے بنیادی مسائل کےلئے نہیں وزیراعظم کے خاندان کی کردار کشی ہے، انوشہ رحمان فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کا کہنا ہے کہ بندوق کی نوک پر کسی سے کوئی بھی بیان لیا جاسکتا ہے اس لیے اسحاق ڈار سے اٹک جیل میں لئے گئے بیان کی کوئی اہمیت نہیں۔

پاناما کیس کی سماعت کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیج پر ناچنا کوئی سیاست نہیں، یہ بچگانہ فعل ہے، تحریک انصاف کی سیاست پاکستان کے بنیادی مسائل کے لئے نہیں بلکہ وزیر اعظم کے خاندان کی کردار کشی ہے، ان کی توپوں کا رخ پہلے نوازشریف پھرمریم نواز اور اب اسحاق ڈارکی طرف ہے، حدیبیہ پیپرز مل کا معاملہ گزشتہ 25 سال سے زیر بحث آرہا ہے، حدیبیہ پیپرز مل گڑھا ہوا مردہ ہے جسے کھود کر پی ٹی آئی جشن منانا چاہتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی معافی کا ریکارڈ پیش

انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ دور آمریت میں ایسے بیانات سنجیدہ نہیں ہوتے، بندوق کی نوک پر کسی سے کوئی بھی بیان لیا جاسکتا ہے، اسحاق ڈار سے اٹک جیل میں لئے گئے بیان کی کوئی اہمیت نہیں، حدیبیہ ملز کے معاملے پر کوئی سرکاری رقم شامل نہیں، 1999 کے شب خون سے پہلے قرض کی 1.2 ارب کی رقوم ادا کردی گئی تھیں جو ریکارڈ پر ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ ہم انصاف کی توقع رکھتے ہیں حدیبیہ پیپرملزکیس کو13 ججوں نے سنا اور ختم کیا اس لیے اب اس کودفن کرنے کی اجازت ہونی چاہیے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: قطری شہزادے اور سونے کے انڈے دینے والی مرغی

اس موقع پر دانیال عزیز کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں پی ٹی آئی کو شکست ہوچکی ہے، وہ لوگوں کے ذہنوں کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور جھوٹے الزامات لگا کرکیس کوسہارا دے رہے ہیں، ہم نے عمران خان کے ہرالزام کا ثبوتوں کے ساتھ سامنا کیا، عمران خان کو اپنے کالے دھن کا پیسہ سفید کرنے پر بھی شرمندگی نہیں۔ جہانگیر ترین اور عمران خان خود اعترافی بیان دے چکے ہیں، پارلیمنٹ کے سامنے قبریں کھودنے والے اب بھی قبریں کھود رہے ہیں، ان بچاروں پرترس آتا ہے،یہ حواس باختہ ہوچکے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وزیراعظم کے وکیل نے مقدمہ چھوڑنے کی دھمکی دے دی

مائزہ حمید کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کل 5 ہزار افراد کی جلسی میں پاناما پیپرز بیچنے کی کوشش کی ہے، ان کی جلسیوں سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے پیپرز مسترد ہوچکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکی ویزے بند کرنے کے حوالے سے عمران خان کا بیان غیرذمہ دارانہ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں