کشمیری حسینہ سندیپا دھر کی2نئی میگا بجٹ فلمیں ریلیز کیلئے تیار

بالی وڈ میں پڑھے لکھے اور محنتی فنکاروں کوعزت ملتی ہے مجھے آتے ہی پرفارمنس کی بنیاد پرکام ملا ہے

کئی فلموں میں لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں،سندیپا دھر۔ فوٹو : فائل

PALO ALTO, CALIFORNIA:
بالی وڈ اداکارہ سندیپا دھر نے کہا ہے کہ اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر کام کرنے کے اصول پر کاربند ہوں،پہلی فلم کی کامیابی پر ہی مجھے بڑے اسٹارز کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل گیا ۔

انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں پڑھے لکھے اور محنتی فنکاروں کو بڑی عزت ملتی ہے مجھے آتے ہی نئی فلموںمیں پرفارمنس کی بنیاد پرکام ملا ہے اور میں نے کئی فلموں میں کام شروع کررکھا ہے۔متعدد میگا بجٹ فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی ہے اس حوالے سے ابھی صرف وہی فلمیں کررہی ہوں جن میں مجھے اپنے کردار میں کوئی جاذبیت نظر آئی ہے۔ اداکارہ سندیپا دھر کا کہنا ہے کہ2013ء میں دو نئی فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بالی وڈ میں نئے چہرے آرہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آنیوالے سال ان چہروں کے لیے اچھا ہوگا یہ چہرے سلور اسکرین پر حکمرانی کریں گے ۔

اداکارہ نے کہا کہ 2013ء میں کئی فلموں میں لیڈنگ لیڈی رول کررہی ہوں ۔اس سال کئی منصوبوں پرکام شروع ہورہا ہے ۔اس لحاظ سے 2013ء میرے لیے بہت اچھا اور خوشگوار سال ثابت ہورہا ہے ۔رواں سال کے آغاز پر ہی کئی پراجیکٹ شروع کردیے ہیں اور کئی فلموں کے معاہدے بھی پایہ ء تکمیل کو پہنچ گئے ہیں یوں یہ سال ایک طرح سے نئے آنیوالوں کے لیے خوش بختی کی علامت بن کر آیا ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ان کی نئی آنیوالی فلموں میں ''گلو اینڈ پپو''اور ''بلیک شیپ''شامل ہیں ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ''دبنگ ٹو''میں مجھے اچھا کردار ملا ہے اس فلم میں سلمان خان نے مجھے بہت متاثر کیا ہے ،انھوں نے بتایا کہ اگرچہ فلم میں ان کا کردار ایک معمولی گائوں کی معمولی سی لڑکی کا ہے مگر اس میں جان ڈال دی گئی ہے ۔میرے کردار نے دھاک بٹھائی ہے ۔


انھوں نے کہا کہ آنیوالی فلم میں لیڈنگ رول ملے ہیں اس حوالے سے میں خود کو بڑی خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ میں نے جو بھی کام کیا وہ رجسٹر ہوا ہے اور اس کا نوٹس لیا گیا ہے۔بالی وڈ میں میں اب اپنی الگ شناخت بنانے کی منزل کے قریب ہوں۔پہلی ہی فلم میں میری پرفارمنس پر سراہا گیا اور مجھے مختلف کرداروں میں نئی فلموں کی آفرز آنے لگی ہیں ۔بالی وڈ اداکارہ کا کہنا ہے کہ آنیوالی فلموں میں اپنی پرفارمنس کو بہتر بناکر پیش کرنے کی کوشش کررہی ہوں ۔انھوں نے بتایا کہ ان دنوں نئی فلم ''گلو اینڈ پپو''کی شوٹنگ میں مصروف ہوں یہ فلم رواں سال ہی ریلیز کی جائے گی۔دریں اثناء سندیپا دھر نے کہا ہے کہ وہ فلم '' دبنگ ٹو'' میں اداکار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کو اپنی خوش قسمتی سمجھتی ہیں۔



اداکارہ نے کہا کہ وہ بچپن سے ہی سلمان کی بڑی مداح رہی ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی تھیں۔ انھیں خوشی ہے اور یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ انھیں فلم '' دبنگ ٹو'' کے ذریعے سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور ان کی خواہش پوری ہوگئی۔ فلم دبنگ ٹو کی کامیابی پر فلم کے تمام تر عملے کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ واضح رہے کہ کشمیر میں پیدا ہونے والی حسینہ سندیپا دھر نے اپنے فنی سفر کا آغاز 2010ء میں کیا ۔اداکارہ کی پہلی فلم ''اسی لائف میں ''تھی جو اسی سال ریلیز کی گئی ۔نئے چہرے کے لیے اس فلم پر ہی اداکارہ کو اسٹار اسکرین ایوارڈ سے نوازا گیا،جب کہ اسی فلم میں بہترین معاون اداکارہ کے طور پر فلم فیئر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا ۔معروف فلمی نقاد کومل نہتہ کا کہنا ہے کہ سندیپا دھر کی پہلی فلم میں ہی عمدہ پرفارمنس پر شائقین کو ایک طرح سے خوشگوار حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔

اداکارہ کی جانب سے اپنے کردار کے ساتھ انصاف کرنے پر تمام نقادوں نے سراہا ہے ۔انھوں نے کہا کہ سندیپا کی پرفارمنس کا جادو سرچڑھ کر بول اٹھا ہے ۔ان کی دوسری فلم میں بھی پرفارمنس بہتر رہی ہے اس اعتبار سے ان کی نئی فلم جس میں سندیپا کا مرکزی کردار ہوگا سے اچھی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اداکارہ نے اپنی پرفامنس کو خوبی سے پیش کرکے ایک تجربہ کار اداکارہ ہونے کا مظاہرہ کیا ہے ۔قبل ازیں اداکارہ نے ابتدائی تعلیم نیشنل پبلک اسکول سے حاصل کی پھر ممبئی کالج میں داخلہ لیا ۔اسی کالج میں ایڈورٹائزنگ میں گریجوایشن مکمل کی ، پہلی فلم میں اکشے اوبرائے کے مدمقابل کام کیا۔ اب تک صرف دو فلموں میں جلوہ گر ہوئی ہیں اور دو فلمیں ریلیز کے لیے تیار ہیں ۔جب کہ رواں سال ہی مزید کئی فلمیں ریلیز ہونگی جن پر جلد کام شروع کیا جائے گا ۔
Load Next Story