محمد زبیر عمر کو سندھ کا گورنر مقرر کردیا گیا

صدر مملکت نے زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کیے جانے کی سمری پر دستخط کردیئے۔


ویب ڈیسک January 30, 2017
صدر مملکت نے زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کیے جانے کی سمری پر دستخط کردیئے۔ فوٹو؛ فائل

LONDON/ DOHA: وفاقی حکومت نے وزیر مملکت اور چیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور چیرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر عمر کو گورنر سندھ مقرر کردیا جس کی سمری پر صدر مملکت ممنون حسین نے دستخط کردیئے ہیں۔

دوسری جانب محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ سندھ بہت حساس صوبہ ہے اس میں مختلف زبان بولنے والے افراد رہتے ہیں جن کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا اسی لیے کوشش کروں گا کہ سندھ سے متعلق جو ترجیحات ہوں ان پر پورا اتر سکوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال گزشتہ 20 ، 25 سال سے اچھی نہیں تھی جو ہماری حکومت میں کراچی آپریشن کے بعد بہتر ہوئی اور اب سب سے بڑا چیلنج شہر کو معاشی حب کی صورت میں واپس لانا ہے۔

واضح رہےکہ 14 سال تک سندھ کے گورنر رہنے والے ڈاکٹر عشرت العباد خان کے بعد جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی کو سندھ کا 31 واں گورنر مقرر کیا گیا تھا جنہوں نے 11 نومبر 2016 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تاہم وہ خرابی صحت کی بنا پر زیادہ عرصے تک گورنر کی ذمہ داریاں نہ نبھاسکے اور 12 جنوری 2017 کو انتقال کرگئے۔ سندھ کے نئے گورنر زبیر عمر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کے بڑے بھائی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔