ون ڈے سیریز کپتان کو شاہد آفریدی کی یاد ستانے لگی

درمیانی اوورز میں کمی محسوس ہورہی ہے، دروازے ہمیشہ کیلیے بند نہیں ہوئے، مصباح


Firas Ghani January 03, 2013
ہر کھلاڑی ایسے وقت سے گزرتا ہے جہاں پر وہ اپنی کلاس اور ٹیلنٹ کے باوجود پرفارم نہیں کرپاتا، کپتان مصباح الحق (فوٹو : اے ایف پی )

ISLAMABAD: بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز میں کپتان مصباح الحق کو شاہد آفریدی کی یاد ستانے لگی۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم مڈل اوورز میں تجربہ کار آل رائونڈر کی کمی شدت سے محسوس کررہے ہیں، ان پر ایک روزہ ٹیم کے دروازے ہمیشہ کیلیے بند نہیں ہوئے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے سے قبل بات چیت کے دوران کیا۔ پاکستان نے اگرچہ چنئی میں بھارت کو پہلے ون ڈے میں شکست دے دی مگر مڈل اوورز میں مہندرا سنگھ دھونی کی وجہ سے تھوڑی مشکل کا سامنا کرنا پڑا، جنھوں نے پہلے سریش رائنا اور پھر ایشون کے ساتھ شراکت کی مدد سے 29 رنز پر 5 وکٹیں گنوانے والی اپنی ٹیم کا مجموعہ 6 وکٹ پر 227 تک پہنچایا۔

وہ خود 113 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، شاہد آفریدی آئوٹ آف فارم ہونے کے باوجود بھی اہم مواقع پر بڑی پارٹنر شپس توڑنے کی خصوصی صلاحیت رکھتے ہیں۔

2

 

مصباح الحق نے کہا کہ ہر کھلاڑی ایسے وقت سے گزرتا ہے جہاں پر وہ اپنی کلاس اور ٹیلنٹ کے باوجود پرفارم نہیں کرپاتا یا پھر توقعات پر پورا نہیں اترتا، ہم بھی آفریدی کی ٹیم میں واپسی چاہتے ہیں مگر یہ مناسب وقت پرہونی چاہیے جب وہ فارم کے ساتھ اپنا اعتماد بھی بحال کرچکے ہوں، وہ ہمیشہ کیلیے ون ڈے ٹیم سے باہر نہیں ہوئے، وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ان میں ابھی بہت کرکٹ باقی ہے۔

مصباح نے مزید کہا کہ آفریدی کافی عرصے سے ٹیم کا حصہ اور مڈل اوورز میں وکٹیں لینے کی خصوصی صلاحیت رکھتے ہیں، اسی بات کی ہم کمی محسوس کررہے ہیں، ہمیں ان کی بولنگ کی ضرورت ہے مگر جب تک وہ ٹیم میں واپس نہیں آتے دیگر بولرز پر انحصار کرنا پڑے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں