پنجاب میں نجی کیب سروس پر پابندی سندھ میں کمپنیوں کوقانونی نوٹس جاری

پاکستان کے مختلف شہروں میں اوبر، کریم اور دیگرکمپنیاں آن لائن ایپ کے ذریعے کیب سروس مہیا کرتی ہیں


ویب ڈیسک January 31, 2017
  6 ماہ قبل نوٹس جاری کرنے کے باجود کمپنیوں نے قانون پر عمل درآمد نہیں کیا، سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی

پنجاب حکومت نے نجی کیب سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں پر پابندی لگادی ہے جب کہ سندھ حکومت نے متعلقہ کمپنیوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے اوبر، کریم اوراے ون سروس کے نام سے کیب سروس مہیا کرنے والی کمپنیوں کوغیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت کے نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے دوسرے شہروں میں موبائل ایپ کے ذریعے چلنے والی کمپنیوں کی سروس بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے نجی کیب سروسز کی 100 سے زائد گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔ حکام نے ان گاڑیوں پر فی گاڑی 2 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا اور حکم دیا ہے کہ ٹیکسی کار کے طور پر چلنے والی پرائیویٹ گاڑیوں کو رجسٹرڈ کروا کر ان کا روٹ پرمٹ لیا جائے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی کراچی میں کیب سروس مہیا کرنے والی دونوں کمپنیوں ''اوبر'' اور''کریم'' کی گاڑیاں بند کرنے کے لئے ڈی آئی جی ٹریفک کو خط لکھ دیا ہے جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے دونوں کمپنیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک آصف اعجازشیخ کے مطابق پرائیویٹ گاڑیوں کوٹیکسی پرچلانا غیرقانونی ہے، آج سے پرائیویٹ ٹیکسی چلانے والوں کے خلاف مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ پرائیویٹ گاڑیوں کو کمرشل کرنا ہوگا۔

اس حوالے سے سیکریٹری ٹرانسپورٹ طحٰہ فاروقی کا کہنا تھا کہ نجی کمپنیوں کو ٹیکسیاں چلانے کے لئے 3 قسم کی اجازت نامے حاصل کرنا ہوتے ہیں، اس کے علاوہ محکمہ ایکسائز سے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ بھی حاصل کرنا بھی لازمی ہے، 6 ماہ قبل نوٹس جاری کرنے کے باوجود کمپنیوں نے قانون پر عمل درآمد نہیں کیا، دونوں کمپنیوں کو بارہا نوٹسز بھیج چکے ہیں۔

صوبائی وزیرٹرانسپورٹ ناصرشاہ کا کہنا ہے کہ ٹیکسی سروس پرپابندی پنجاب حکومت نے لگائی ہے، ہم بھی ٹیکسی سروس کو بند کرنا چاہتے تو کردیتے لیکن یہ سروس بند نہیں کرنا چاہتے کیونکہ ٹرانسپورٹ کے دیگر ذرائع کی حالت زار بھی بہتر نہیں، اس لئے ہم نے نجی ٹیکسی سروس کونوٹس بھجوایا ہے تاکہ کمپنیاں کم از کم قانونی تقاضے تو پورا کریں۔

واضح رہے کہ دنیا کے بیشتر ملکوں میں نجی کمپنیاں شہریوں کو کیب سروس مہیاں کرتی ہیں، پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی اوبراور کریم سمیت کئی ادارے آن لائن ایپ کے ذریعے لوگوں کو ٹیکسی کی سہولت فراہم کرتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |